Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں دو روزہ ”آزادی فیسٹیول“ کا انعقاد

Published

on

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی مناسبت سے دو روزہ ”آزادی فیسٹیول “ کا شاندار آغاز جون ایلیاءلان میں کیا گیا۔

دو روزہ آزادی فیسٹیول کا آغاز عالمی مشاعرے سے کیاگیا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے شعراءاکرام نے ارضِ پاک کی محبت سے سرشار کلام حاضرین کے گوش گزار کیا۔ مشاعرے کی صدارت معروف شاعر انور شعور نے کی جبکہ نظامت کے فرائض عنبرین حسیب عنبر نے انجام دیے۔

 اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادی فیسٹیول میں دنیا بھر کے شاعر اپنا کلام پڑھ رہے ہیں اور اپنے ملک کے ساتھ جذبات کی ترجمانی کررہے ہیں، اس وقت پوری دنیا میں یہ تاثر پھیلا ہوا ہے کہ پاکستانی قوم ٹکڑوں میں بٹ چکی ہے ، 14اگست کا دن ایک ایسا دن ہوتا ہے جب پاکستان کی 25کروڑ سے زیادہ عوام اس کو عظیم الشان طریقے سے مناکر ساری دنیا کو یکجہتی کا پیغام بھیجتے ہیں۔

سید احمد شاہ نے کہا کہ یہ ساری لڑائیاں اور چاہتیں ہماری اپنی ہیں لیکن اگر پاکستان پر کبھی کوئی ایسا وقت آتا ہے تو ہم سب اپنے اپنے انداز میں ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہوتے ہیں۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے، آج ہم سب ایک جھنڈے تلے جمع ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ میڈیا کی خدمات قابلِ تعریف ہیں جس کے ذریعے امن و محبت کا پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے۔

 شاعرہ عنبرین حسیب عنبر نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ہر سال آزادی فیسٹیول احمد شاہ کی سربراہی میں پورے جو ش و خروش سے مناتا ہے، جس میں ہر سال عالمی مشاعرہ کا انعقاد ہوتا ہے۔ یہ آرٹس کونسل کی خاصیت ہے کہ یہاں پر ہر زبان اور ہر مذہب کے شاعر اپنا کلام پیش کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے ہر سال ہمارا جوش و خروش بڑھتا جاتا ہے۔

آزادی فیسٹیول کے عالمی مشاعرے میں بیرون ممالک میں مقیم شعراءاکرام باسط جلیلی،اشفاق حسین اور غضنفر ہاشمی نے آن لائن شرکت کی۔ انور شعور ، فراست رضوی، وصی شاہ، طارق سبزواری، اجمل سراج، عباس تابش، صابر ظفر، حمیدہ شاہین، احمد عطا اللہ، عنبرین حسیب عنبر، شکیل جاذب، عقیل عباس جعفری، رحمان فارس، اقبال پیرزادہ، نعیم سمیر، ناصرہ زبیری، کاشف حسین، اے ایچ خانزادہ، شبیر نازش، سیدہ ہما طاہر مشاعرہ پڑھنے والوں میں شامل تھے، مشاعرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شعراءکے کلام پر خوب داد دی۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین