Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

ملزم کی رضامندی یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آرٹیکل 13 کی خلاف ورزی ہے، لاہور ہائیکورٹ

Published

on

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ ملزم کی رضامندی یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کیخلاف ہے، عدالت نے دہشت گرد تنظیم سے تعلق اور مواد پھیلانے کے الزام میں سزا پانے والے قیدی کی رہائی کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت سے دس سال قید کی سزا پانے والے ملزم کی بریت کی درخواست منظور کر لی، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل بنچ نے  شک کا فائدہ دے کر ملزم  کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزم کی رضامندی یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کیخلاف ہے، ہمیں تشویش ہے، کسی کے ذاتی فون کا ڈیٹا لینا اچھی روایت نہیں، یہ پرائیویسی کے حقوق کیخلاف ہے، عدالت محسوس کرتی ہے  اگر ملزم راضی نہ ہو تو مجسٹریٹ سے فون کا ریکارڈ لینے کیلئے اجازت طلب  کرنی چاہیے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ جدید دور میں ہم اپنے قریبی اور پیاروں سے آڈیو اور ویڈیو کے زریعے بات کرتے ہیں،ہمارے فونز ہمارے گھر سے کم نہیں،  اپنے گھر کی چار دیواری میں رکھے جانے والے ہر تعلق کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔انسان کتابیں، گوگل، فیس بک، یو ٹیوب، ٹویٹر دیکھتا ہے جس کی قانون میں ممانعت نہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر معلومات کا حصول قانون کیخلاف ہے تو اسے قانون کے ذریعے روکا جا سکتا ہے، اگر موبائل فون کا ڈیٹا کسی جرم کا لنک دے رہا ہے تو24 گھنٹے میں عدالت کے نوٹس میں لا کر اسے دیکھا جا سکتا ہے، استغاثہ کی جانب سے مواد تقسیم کرنے کا الزام کسی شہادت سے ثابت نہیں ہوتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ موبائل سے ملنے والا مبینہ مواد کسی بھی گواہ کے بیان کے وقت ملزم کے سامنے نہیں رکھا گیا۔

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتارملزم کو انسداددہشت گردی عدالت نے 10 سال کی سزا سنائی تھی۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین