Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

دنیا

اپنی پیدائش سے میڈیا کی دشمنی کا سامنا کر رہا ہوں، شہزادہ ہیری، 130 سال میں پہلی بار شاہی خاندان کا رکن عدالت پیش

Published

on

برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے پریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پریس نے ان کی جوانی، ان کے رشتے خراب کئے۔ شہزادہ ہیری نے ایک دوپہر کے اخبار کے خلاف کیس میں پانچ گھنٹے تک گواہی قلمبند کرائی۔

شہزادہ ہیری کسی عدالت کے گواہوں کے کٹہرے میں کھڑے ہونے پہلے سینئر شاہی رکن ہیں، شہزادہ ہیری نے کہا کہ میڈیا کی غیرضروری مداخلت نے ان کی والدہ شہزادی ڈیانا کو مریض بنا دیا تھا۔

شہزادہ ہیری اور 100 مزید افراد نے ڈیلی مرر، سنڈے مرر اور سنڈے پیپلز، کے پبلشر گروپ، مرر گروپ نیوز پیپرز کے خلاف لندن کی ہائیکورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے جس میں ان اخبارات پر 1991 سے 2011 تک غیرقانونی طریقوں سے معلومات جمع کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

شہزادہ ہیری نے 50 صفحات کا تحریری بیان عدالت میں جمع کرایا ہے اور مرر گروپ نیوزپیپرز کے وکیلوں کی جرح کے جواب دیئے، شہزادہ ہیری نے کہا کہ جب سے میں پیدا ہوا ہوں پریس کی دشمنی کا سامنا کر رہا ہوں۔

شہزادہ ہیری نے کہا کہ پریس نے میری گرل فینڈز کے ساتھ میرے تعلقات تباہ کئے، دوستوں کا حلقہ پریس کی وجہ سے سکڑ گیا،پریس کی وجہ سے ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا، پریس نے مجھے پلے بوائے شہزادہ، ایک ناکام شخص اور سکول کی تعلیم ادھوری چھوڑنے والے کی طرح پیش کیا۔

شہزادہ ہیری نے تحریری بیان میں کہا کہ دوپہر کے اخبارات نے میری اور میگھن مرکل کی نجی زندگیوں میں نفرت بھرنے کی کوشش کی اور ہمیں ہراساں کیا، خبریں ٹائپ کرنے والی میڈیا کی انگلیوں کو اور کتنا خون چاہئے،انہیں کب روکا جائے گا۔

شہزادہ ہیری سے پوچھا گیا کہ وہ کن لوگوں کی بات کر رہے ہیں یا کن پر الزام دھر رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ کچھ ایڈیٹرز اور صحافی جو میرے لیے بے پناہ درد کا باعث بنے۔

مرر گروپ کے وکیل نے پہلے تو انتہائی احترام کے ساتھ بات شروع کی اور ذاتی طور پر معذرت بھی پیش کی لیکن پھر دوران جرح ان کا رویہ جارحانہ ہوتا گیا اور انہوں نے شہزادہ ہیری سے اخبارات کے 33 آرٹیکلز پر سخت سوالات کئے جن کے بارے میں شہزادہ ہیری نے کہا کہ ان کے لیے معلومات غیرقانونی طریقے سے حاصل کی گئیں۔

شہزادہ ہیری جرح کے دوران پرسکون اور سنجیدہ نظر آئے، نرمی لیکن یقین کے ساتھ جواب دیئے اور کہا کہ ان کے متعلق اگر لاکھوں نہیں تو ہزاروں مضامین لکھے گئے،

مرر گروپ کے وکیل نے کہا کہ وہ پریس میں عمومی کوریج کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہوئے ہوں گے، مرر گروپ کے مضامین خاص طور پر اس کی وجہ نہیں بنے،مرر گروپ کے وکیل نے بار بار شہزادہ ہیری کے الزامات کو قیاس آرائی قرار دیا۔

شہزادہ ہیری عدالتی کارروائی کے دوران وقفے میں باہر آئے تو باہر جمع عوام نے ’ ہیری ہمیں تم سے پیار ہے‘ کی آوازیں لگائیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین