Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

یونان کشتی حادثہ، 209 پاکستانی ہلاک یا لاپتہ ہوئے، ملک بھر سے 29 انسانی سمگلر گرفتار کئے، ایف آئی اے ڈیٹا

Published

on

یونان کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں کم از کم 209 پاکستانی ہلاک یا لاپتہ ہیں، اس بات کی تصدیق پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کی ہے۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے ساتھ ایف آئی نے ڈیٹا شیئر کیا ہے، یہ ڈیٹا متاثرہ خاندانوں کی طرف سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر مرتب کیا گیا ہے۔

یونان کی طرف سے جاری کئے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کشتی حادثے میں اب تک تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد 82 ہے، بچ جانے والوں کی تعداد 104 ہے  جن میں 12 پاکستانی شامل ہیں۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر رانا عبدالجبار نے کہا کہ اس ڈیٹا کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ایف آئی اے کو اس حادثے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اس کشتی پر مختلف ملکوں کے سیکڑوں افراد سوار تھے اور اس حادثے کو کئی برسوں میں اس خطے میں ہونے والا بدترین حادثہ شمار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان نے اب تک اس حادثے میں اپنے جاں بحق شہریوں کی تعداد کا باضابطہ اعلان نہیں کیا تاہم متاثرہ خاندانوں سے ڈی این اے نمونے لینا شروع کر دیئے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کی طرف سے شیئر کئے گئے ڈیٹا کے مطابق پاکستان کے 181 شہری اور آزاد کشمیر کے28 شہری اس کشتی حادثے میں ہلاک یا لاپتہ ہوئے۔ اب تک 201 خاندانوں سے ڈی این اے نمونے لئے جا چکے ہیں۔

کشتی حادثے کے عینی شاہدین اس کشتی میں 400 سے 700 افراد موجود ہونے کی گواہی دیتے ہیں جو 20 سے 30 میٹر لمبی اس کشتی میں سوار تھے۔ یہ کشتی 14 جون کو یونان کے ساحلی شہر پیلوس سے 80 کلومیٹر دور سمندر میں ڈوب گئی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اب تک انسانی سمگلنگ میں ملوث 29 ملزم پاکستان بھر سے گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین