Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں سست رفتار ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک روانی متاثر، شہری مستقل اذیت کا شکار

Published

on

کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری سست رفتار ترقیاتی منصوبے شہریوں کے لیے مستقل اذیت کا باعث بن گئے۔

فیڈرل بی ایریا میں کریم آباد سے حسین آباد جانے والی شاہراہ ہمایوں کے دونوں ٹریکس انڈر پاس کی تعمیر کے باعث گزشتہ تین ماہ سے کھودے ہوئے ہیں اور ٹریفک کو گنجان آباد گلیوں کی جانب ڈائیورٹ کیا جارہا ہے، اورنگی ٹاؤن تک رسائی کا مرکزی راستہ بنارس چوک ترقیاتی کاموں کی وجہ سے چاروں اطراف سے بند ہے۔

 سائٹ ، نارتھ ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کا رخ تنگ متبادل راستوں کی جانب موڑا جارہا ہے جس کے باعث پورے علاقے میں شدید ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔

شہر کے سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ سے متصل شیرشاہ کے علاقے میں نالے کا تعمیراتی کام جاری اور سڑک بند ہے جس کی وجہ سے ہیوی ٹریفک سمیت دیگر گاڑیوں کو ایک ہی ٹریک پر دو طرفہ چلایا جارہا ہے۔

 بی آر ٹی بس منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے باعث صفورا چوک سے نیپا اور نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر اور حسن اسکوائر سے نیو ٹائون تک کی گئی کھدائی کے باعث کئی کلومیٹر ٹریک شدید متاثر ہے، جگہ جگہ ملبے اور گڑھوں کے باعث ٹریفک جام معمول ہے۔

کئی مقامات پر ٹریفک کو تنگ راستوں پر ڈائیورٹ کیے جانے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے، ڈی ایچ اے کے مختلف علاقوں میں بھی نالوں کی تعمیر جاری ہے جس کے باعث سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پنجاب چورنگی پر گزری بلیوارڈ روڈ پر سڑک کی تعمیر جاری ہے اور ٹریفک کو اندرونی گلیوں میں بھیجا جارہا ہے۔

گارڈن میں آغا خان سوئم روڈ پر سڑک کی تعمیر جاری ہے، ہیوی ٹریفک کو متبادل سڑک جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو دو طرفہ چلایا جارہا ہے۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں اندرونی سڑکیں اور گلیاں بھی تباہ حالی کا شکار ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہتی ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین