پاکستان
گرمی کی شدت، گلیشئیرز پگھلنے کی رفتار تیز، دریاؤں میں طغیانی، گلیشئر پھٹ سکتے ہیں، وزارت آبی وسائل
ملک میں گرمی کی شدید لہر موجود ہے اور شمالی علاقہ جات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم ہونے کی وجہ سے گلیشئرز پگھلنے کی رفتار بڑھ گئی اور وزارت آبی وسائل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گرمی کے دوران گلیشئرز پھٹنے کا خدشہ ہے۔
وزارت آبی وسائل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشیئرز سے نکلنے والے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے،دریاے سندہ میں پانی کا بہاؤ معمول سے زیادہ ہے۔
وزارت آبی وسائل کے ذرائع نے بتایا کہ شمشال ویلی ، گانچھے،پسو اورسکردو سے ملحقہ علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی ہے،دریاے سندہ میں پانی کا بہاؤ 2لاکھ کیوسک سے بڑھ چکا ہے۔
وزارت آبی وسائل کے ذرائع نے بتایا کہ گرمی کی شدت مزید بڑھی یا برقرار رہی تو دریائے سندہ کا بہاؤ ساڑھے 3لاکھ کیوسک تک جا سکتا ہے،گرمی کی شدت سے گلیشیئر پھٹنے کا بھی خدشہ ہے۔