Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز 6 کتابوں کی رونمائی اور تعارف

Published

on

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری سولہویں عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز چھ کتابوں کی رونمائی اور تعارف پیش کیا گیا۔

نجیبہ عارف نے مبین مرزا کی کتاب ” احوال و آثار” پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مصنف اپنے افسانوں میں تاریخ کے مختلف ادوار کو موضوع بناتے ہیں، انہوں نے کراچی میں گزرے سالوں کے دوران آنے والی تبدیلیوں پر بھی قلم اٹھایا ہے۔

 ڈاکٹر یاسمین حمید کی تحریر کردہ کتاب ” ایک اور رخ ” کا تعارف ڈاکٹر رخسانہ صبا نے پیش کرتے ہوئے کہا کتاب کے ابتدائی مضامین میں اضطراب اور جستجو کا عنصر نمایاں ہے۔

 اختر رضا سلیمی کے ناول ” لواخ ” پر معروف مصنف محمد حمید شاہد نے تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مصنف نے اپنے ناول میں بالاکوٹ اور ہزارہ کے پہاڑی علاقوں میں ہونے تاریخی جنگی معرکوں کو موضوع تحریر بنایا ہے، ان کے ناول میں کردار اپنے اقدار کی پاسداری کرتے نظر آتے ہیں۔

ناہید سلطان مرزا کے ناول ” تھر کی سرگوشی ” پر تعارف پیش کرتے ہوئے معروف ماہر معاشیات شبر زیدی نے کہا کہ کتاب میں تھر کی مظلوم عورت کی کہانی بیان کی گئی ہے اور کاروکاری جیسے حساس موضوع کو زیر قلم لایا گیا ہے ، ناول میں تھر کی سماجی، مذہبی اور سیاسی زندگی کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔

عابد رشید کے نعتیہ مجموعے ” بعد از خدا ” کا تعارف پیش کرتے ہوئے طاہر سلطانی نے بتایا کہ مصنف نے کتاب میں نعتیہ کلام کے علاوہ حمد باری تعالیٰ اور مناجات کو بھی شامل کیا ہے، نعتیہ کلام کی کمی کے باعث یہ مجموعہ نعت عمدہ اضافہ ہے۔

برطانوی مصنف ورجینیا وولف کی کتاب ” مسز ڈیلووے” کے مترجم سعید نقوی کے ترجمے پر تعارف پیش کرتے ہوئے معروف شاعر افتخار عارف نے کہا کہ آج کل مشکل کتب کے ترجمے کرنے والوں میں اکثریت ناکام ادیبوں کی ہے جو دوران ترجمہ مشکل صفحات چھوڑ کر ترجمے کا حق ادا نہیں کر پاتے، مترجم سعید نقوی نے کتاب کا متن سہل بنانے کی کوئی ناکام کوشش نہیں کی اور ترجمے کا حق ادا کیا، نظامت کے فرائض یاسمین فاروقی نے انجام دیے۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین