Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

مسلم ٹاؤن میں دوران ڈکیتی شہری کو قتل کرنے والا ندیم عرف بھولا مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا

Published

on

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم بھولا گینگ کا سربراہ ندیم عرف بھولا پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد مارا گیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ندیم عرف بھولا کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق رات گئے اطلاع ملنے پر ڈکیتی اور راہ زنی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب بھولا گینگ کی گرفتاری کے لیے سی آئی اے صدر پولیس کی ٹیم سبزاہ زار پہنچی جہاں ڈکیتوں نے پولیس پارٹی کا دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی تاہم پولیس اہلکارمحفوظ رہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ جوابی فائر کرتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لیا گیا تا کہ  کسی راہ گیر کو گولی نہ لگے تاہم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر ان کا اپنا سربراہ ندیم عرف بھولا مارا گیا۔

پولیس کے مطابق ندیم عرف بھولا کے مرتے ہی ملزموں نے راہ فرار اختیار کی۔ذرائع کے مطابق ملزم ندیم عرف بھولا 20سال جیل میں رہنے کے بعد چند ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا اور چند روز قبل ندیم عرف بھولا نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مسلم ٹاؤن کے علاقے میں سلنڈروں والی دوکان پر ڈکیتی کی واردات کی تھی،  جہاں ایک شہری ارشد نامی کو دوران مزاحمت گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ندیم عرف بھولا دوران ڈکیتی گولی مارنے یا قتل کا عادی تھا۔ پولیس اہلکار، ڈی ایس پی سی آئی اے صدر رضوان چیمہ کی سربراہی میں ندیم عرف بھولا کے ساتھیوں کو تلاش کر رہے ہیں جبکہ پولیس نے ملزم ندیم عرف بھولا کی لاش شناخت کرلی اور اس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین