آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایکسل لوڈ لمٹ کے نفاذ کا فیصلہ کرنے پرحکومت کے شکرگذار ہیں،اوورلوڈنگ کی وجہ سے ملکی خزانے کو سالانہ 4 ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
جنرل سیکرٹری آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ایکسل لوڈ قوانین کے نفاذ کے اہم ترین فیصلہ کو ملکی معیشت کی بحالی کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ ہم مشکور ہیں کہ حکومت نے اس قومی مسئلہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے حل کرنے کا بیڑہ اٹھایا، بلاشبہ اوورلوڈ کا خاتمہ پاکستانی معیشت کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر دے گا۔
اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اوورلوڈنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے،اس کی وجہ سے ملکی خزانے کو سالانہ 4 ارب ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے،اوورلوڈنگ ملکی شاہراہوں کی تباہی کے ساتھ ساتھ حادثات کا سبب بنتی ہے، جس کی وجہ سے سالانہ ہزاروں بے گناہ افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں، اوورلوڈنگ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کی تباہی کا سبب بن رہی ہے، ہماری گاڑیاں اوورلوڈنگ کی وجہ سے برباد ہو رہی ہیں، ان کا بریکنگ سسٹم ٹھیک سے کام نہیں کرتا، اسی طرح ریپئرنگ اینڈ مینٹیننس کئی گنا بڑھ جاتی ہے، جس سے گاڑی مالکان کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کی ہم آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ایکسل لوڈ لمٹ کے نفاذ اور اوورلوڈنگ کے خاتمہ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے فیصلہ بھی حاصل کر چکے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایکسل لوڈ لمٹ کے معاملے کو مفاد عامہ کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ حکومت ایکسل لوڈ لمٹ کو فی الفور نافذ کرے،بدقسمتی سے پاکستان میں یہ قانون پچھلے 23 سال سے مؤخر ہے۔ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں ایکسل لوڈ لمٹ نافذ نہیں تھی،چند مفاد پرست صنعتکار اپنی ذاتی مفادات کے حصول کیلئے ایکسل لوڈ لمٹ کی مخالفت کر رہے ہیں،چند لالچی صنعتکار حقائق کو توڑ مروڑ کر حکومت کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اوورلوڈنگ کے ذریعے اپنے ذاتی مفادات کا تحفظ کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری مالکان نے پچھلے 23 سال سے ایکسل لوڈ لمٹ کو پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دیا۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ملکی شاہراہوں اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کی خاطر ایکسل لوڈ لمٹ کا مکمل نفاذ کیا جائے،جب بھی ایکسل لوڈ لمٹ نافذ ہونے لگتا ہے انڈسٹری مالکان مختلف حیلے بہانوں سے حکومت پر دباؤ ڈال کر اوورلوڈنگ کی اجازت حاصل کر لیتے ہیں،اب چونکہ حکومت نے اوورلوڈنگ کے اہم ترین قومی مسئلہ کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز حکومت کے اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم آئی جی موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ کا اوورلوڈنگ کے خلاف اقدامات کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،ہم ایکسل لوڈ لمٹ کے نفاذ میں حکومت کو مکمل تعاون و مدد کی یقین دہانی کرواتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ حکومت اس بار سنجیدگی سے اوورلوڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائے گی۔