گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں نے جے یو آئی کو گورنر کے پی کی تبدیلی پر راضی کر لیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا کیلئے اویس غنی، شوکت اللہ، عالم خٹک کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو جلد ہٹا کر نیا گورنر مقرر کیا جائے گا،گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے ہے۔
گورنر غلام علی کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں،گورنر کے پی معاملے پر پی پی، جے یو آئی میں اختلافات پیدا ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو گورنر خیبرپختونخوا کی سرگرمیوں پر شدید تحفظات تھے،پی پی نے گورنر کے پی پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات لگائے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی پی نے گورنر کے پی پر صوبائی انتظامیہ پر اثرانداز ہونے کے الزامات لگائے تھے، گورنر کے پی پر ٹرانسفر پوسٹنگ، ترقیاتی فنڈز اجرا کے الزامات ہیں۔