اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب ملک کے بڑے شہروں کے ریلوے جنکشنز اورٹرینوں پر کریک ڈاون،سرکاری پیٹی سے4 کلوگرام چرس،2 کلوگرام افیون برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق بذریعہ ٹرین منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، انٹیلیجنس اطلاع تھی کہ ٹرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی جا رہی ہے،اطلاع کے نتیجے میں منصوبہ بندی سے جنکشنز اور ٹرینوں کی سخت نگرانی کی گئی۔
راولپنڈی، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت تمام بڑے جنکشنز پر ٹرینوں کو چیک کیا گیا،دورانِ نگرانی اطلاع پر جعفر ایکسپریس میں گجرات جنکشن کے مقام پر کاروائی کی گئی۔
دوران کارروائی جعفر ایکسپریس کے گارڈ انچارج اور اسسٹنٹ ایگزامینر الیکٹرک کو گرفتارکیا گیا،تلاشی لینے پر ملزمان کی سرکاری پیٹی سے 4 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔
ملزم منشیات راولپنڈی سے جیکب آباد اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے،وقوعے کے بعد تمام بڑے جنکشنز اور ٹرینوں کی نگرانی مزید سخت کردی گئی،راولپنڈی کے رہائشی دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔