Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت چہلم کے بعد دے سکتے ہیں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

Published

on

پی ٹی آئی کے جلسے کا این او سی معطل کرنے کے چیف کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے خلاف معاملہ تا حال حل نہ ہو سکا۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ محرم کے چالیس کے بعد جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے،عدالت نے ریمارکس دیےدس محرم کے بعد کی بات تو سمجھ آتی ہے، چہلم تو بہت دور ہے۔۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ فروری سے جلسے کا معاملہ چل رہا ہے اِس میں مسئلہ کیا ہے؟ ڈپٹی کمشنر نے اجازت دی، چیف کمشنر نے منسوخ کر دی، کیا کرنا چاہتے ہیں؟

قائم مقام ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ چیف کمشنر نے جلسے کو معطل کیا ہے، منسوخ نہیں کیا،محرم کے چالیس کے بعد جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ دس محرم کے بعد کی بات تو سمجھ آتی ہے، چہلم تو بہت دور ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہاشہریوں نے شکایات جمع کرائیں کہ اُن کو نقل و حرکت میں مسئلہ ہو گا۔ چیف جسٹس نے کہاآپ کسی کُھلی جگہ اجازت دے دیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں 27 جولائی کو جلسے کی اجازت دے دیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سیکیورٹی صورتحال اگر آ ہی گئی تھی تو انہیں بلا کر بتا تو دیتے،چہلم کے بعد آپ کہیں گے کہ سیلاب آ گیا سردی ہو گئی، مجھے آپکی تجویز نہیں چاہیے، پہلے بھی عدالت نے آرڈر کیا، جس طرح چل رہا ہے یہ کوئی مستقل حل نہیں، ان کو بلا کر مشاورت کریں اور معاملے کا مستقل حل نکالیں، جلسے میں چالیس پچاس ہزار بندہ آ جائیں گے،اس سے کچھ نہیں ہونا،جلسہ ہو گا، تقریریں ہونگی، ان سے کچھ نہیں ہونا، سمجھ لیں، کوئی غلط تقریر کرے این او سی کی خلاف ورزی ہو تو آپ اُسے ذمہ دار ٹھہرا سکتے ہیں،میں کیس پیر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر رہا ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں سسٹم کے تحت ہی چلنا ہوتا ہے،عدالت نے ریمارکس دیے کہ میں سسٹم کو جانتا ہوں، میں بھی اسی سسٹم کی پیداوار ہوں، سیدھا ولایت سے یہاں لینڈ نہیں کیا۔ کیس کی سماعت15 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین