ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کراچی نے انسانی اسمگلرکو گرفتارکرلیا،ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دیکربھاری رقوم بٹوری۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کی ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لئے کریک ڈاون جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپہ مار ٹیم نےکارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلرکو گرفتار کرلیا۔
گرفتارملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناونے جرم میں ملوث تھا، ملزم بغیر لائسنس کے سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں پاسپورٹس وصول کررہا تھا۔
گرفتار ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم عطاء الرحمان کو کراچی کے علاقے کورنگی روڈ سےگرفتارکیا گیا۔
چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے متعدد پاسپورٹس برآمد کرلیے گئے،اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگرملزمان کی گرفتاری کے لیےچھاپے مارے جارہے ہیں۔