پاک بحریہ کا اسکواش کے کھیل سے پرانا اور گہرا تعلق ہے۔ اسکواش کے ساتھ پاک بحریہ کا یہ تعلق وطن عزیز کی آزادی سے قائم ہے۔ اسکواش کا کھیل منوڑہ کے سنگل کورٹ سے شروع کیا گیا اور آج روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی ، پاکستان کا سب سے بڑا اور عالمی معیار کا اسکواش کمپلیکس ہے۔
سنگل کورٹ سے موجودہ جگہ تک کا سفر اس کھیل کے ساتھ پاک بحریہ کی گہری وابستگی سے ممکن ہوا ہے۔ روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کا نام کھیل کے دو لجنڈز کے نام پر رکھا گیا تھاجس کا افتتاح ایڈمرل یستور الحق ملک نے 19 جون 1991 کو کیا۔
یہ شاندار کمپلیکس چھ کورٹس پر مشتمل ہے جس میں نیا تعمیر کیا جانے والا 4 چار طرفہ گلاس کورٹ بھی شامل ہے۔ 21 جولائی 2023 کو روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں 4 چار طرفہ گلاس کورٹ کا افتتاح بھی پاک بحریہ کا ملک میں اسکواش کو بطور کھیل فروغ دینے کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دوسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ 23 سے 27اگست تک روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ 54 میچوں پر مشتمل ہے۔ پہلا کوالیفائنگ راونڈ 8 میچز پر مشتمل ہوگا جس میں 16 کھلاڑی میچ کھلیں گے۔
دونوں کیٹیگریز (مرد اور خواتین) کے 8 جیتنے والے کھلاڑی مین راونڈ میں 8 ٹاپ رینکنگ قومی پلیئرز میں شامل ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے دوران نیشنل پلیئرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ چیمپئن شپ میں کھلاڑی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کر ینگے۔