ٹاپ سٹوریز
دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال برقرار،آج سے 28 اگست تک بارشیں متوقع
مون سون بارشوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ۔۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام اہم دریاؤں کے بالائی علاقوں میں 22 اگست سے بارشوں میں اضافے کا امکان ہے۔۔مون سون بارشوں کا سلسلہ 28 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے۔۔دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔گنڈا سنگھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ سے 1 لاکھ 29 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے،ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے،سلیمانکی کے مقام سے 1 لاکھ 91 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہیڈ اسلام کے مقام پر بہاؤ نارمل ہےاور پانی کی سطح میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،منگلا اور تربیلا ڈیم % 100 بھر چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے،سیلابی صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمران قریشی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ عوام کو ایمرجنسی صورت حال سے آگاہ کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے،سوشل میڈیا، ٹی وی اخبارات کے علاوہ مساجد میں اعلانا ت کے ذریعے بھی آگاہی مہم چلائی جارہی ہے،انتظامیہ ندی نالوں میں نہانے پر پابندی کو یقینی بنائے۔