Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

تحریک انصاف چھوڑنے والوں کی نئی سیاسی جماعت، استحکام پاکستان پارٹی، آج منشور کا اعلان

Published

on

سیاسی جوڑ توڑ کے لیے مشہور، ارب پتی سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا، اس نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا کام کئی ہفتوں سے جاری تھا۔

نئی جماعت کا نام استحکام پاکستان پارٹی رکھا گیا ہے، اس جماعت میں تحریک انصاف سے علیحدہ ہونے والے سابق ارکان پارلیمنٹ کو اکٹھا کیا گیا ہے، جماعت کے نام کا اعلان سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین گروپ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں کیا گیا۔

عبدالعلیم خان کی جانب سے جہانگیر ترین گروپ کے ارکان میں دیے گئے عشائیے میں ملک بھر سے سو کے قریب سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

سندھ سے عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، جے پرکاش، قبائلی اضلاع سے جی جی جمال، خیبر پختونخوا سے اجمل وزیر عشائیے میں شریک ہوئے۔

جبکہ پنجاب سے مراد راس، فیاض الحسن چوہان، فردوس عاشق اعوان، نعمان لنگرٹیال اور نوریز شکور شریک ہوئے۔

سیاسی رہنماؤں نے جہانگیر ترین پر مکمل اعتماد اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو مشکلات سے نکال کر استحکام کی طرف لے جانا ہے۔

اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو استحکام کی جانب لے جانے کی اینٹ رکھ دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کا حقیقی پاکستان کے خواب کو آنکھوں میں سجائے ایک بار پھر نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ نکل پڑے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کل اس سیاسی جماعت کو لانچ کرتے ہوئے اس کے منشور کا اعلان کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ استحکام پاکستان جماعت کا عزم ہے کہ پاکستان سیاسی ، معاشی عدم استحکام کا شکار ہے اور ملک مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے پیچھے جا رہا ہے۔ ایسی صورت میں ایک ایسی جماعت کی ضرورت تھی جو ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہانگیر ترین،علیم خان سمیت سرکردہ رہنما ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں نکلنے جارہے ہیں۔ مایوسی کا شکار پاکستان میں نئی امید اٹھنے جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل ہو گا اور بہتر پاکستان کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ جہانگیر ترین کا ذاتی مفاد صرف اتنا ہے کہ وہ پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین