Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

مون سون بارشیں یا آندھی، طوفان، کراچی کے لیے موسمیاتی خطرے کی پیشگی درست اطلاع ممکن

Published

on

کراچی میں خطیررقم کے ذریعے نصب ہونے والا کثیر المنزلہ جدید اور برق رفتار ڈوپلرریڈاررواں سال مون سون بارشوں کی پل پل پیش گوئی کے لیے مکمل طور پر فعال ہوگا۔ریڈار کے ذریعے 450 کلومیٹرکے دائرے میں بارشوں، 200کلومیٹر کے دائرے میں تیزہواؤں کی پیش گوئی ممکن ہوگی۔بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے اٹھنے والے طوفانوں کی جانکاری بھی ممکن ہوسکے گی۔

میٹروپولیٹن کراچی میں 3 دہائیوں سے پرانا نظام نصب تھا اب پرانے ریڈار کی جگہ نصب کیا جانے والا جدیدڈوپلرریڈار مون سون 2023 کے دوران اپنی مکمل استعداد اور مہارت کے ساتھ فعال ہوگا۔

جائیکا جاپان کے تعاون سے 17منزلہ عمارت میں نصب ہونے والے ریڈارپر ایک ارب 58کروڑروپے لاگت آئی ہے۔ جدید ڈوپلرریڈار 1991 میں نصب والےریڈار کی نسبت کئی گنا تیز رفتار ہے جو بروقت موسمیاتی حالات کا پتہ دینے کا حامل ہے۔

رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں مغرب کی جانب سے بلوچستان میں داخل ہونے بارش کے یکے بعد دیگرے داخل ہونے والے بارش کے سسٹم کے حوالے سے ڈوپلرریڈار نے نمایاں کردار اداکیا،پچھلے سال ریڈار کی کیلبریشن(جانچ پڑتال)کے مراحل میں اس کی تکنیکی مہارت کو بھی جانچا جاچکاہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی ڈاکٹر سردارسرفرازکے مطابق نیا ڈوپلرسی بینڈ ریڈار ہے،پرانے ریڈار کے مقابلے میں اس کی موسمیاتی حالات کے بارے میں پیش گوئی کی استعداد دوگنا ہے۔

سردار سرفراز نے  کہا کہ نئے ڈوپلرریڈارکے ذریعے کراچی کے چاروں طرف 450کلومیٹر پرمحیط رقبے میں شارٹ ٹرم ویدرفورکاسٹ ممکن ہوسکے گی،جبکہ شہر کی جانب بڑھنے والے طوفان،بادوباران سمیت دیگرغیرمعمولی سرگرمیوں کا مشاہدہ بیک وقت مشرق،مغرب،شمال اورجنوب، چاروں جانب سے کیا جاسکے گا۔بیک وقت زمین یا پھرگہرے سمندر میں اگر کوئی سسٹم کراچی کے قرب وجوار میں گذررہا ہوگا،تواس کی بارشوں کی شدت کا اندازہ بھی ہوسکے گا۔

سردارسرفراز نے بتایا کہ ڈوپلرریڈارکی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے کسی بھی طوفان،بارش،ہوایا کسی غیر معمولی موسمیاتی پیش گوئی کے علاوہ یہ ڈوپلر ریڈارہوابازی کے لیے بھی بہت ہی زیادہ معاون ومددگار ثابت ہوگا،عموما ونڈشیئر(دومتوازی سمتوں سے چلنے والی تند وتیزہوائیں) کے دوران آسمان صاف دکھائی دیتا ہے،مگربالائی سطح پر دومختلف سمتوں کی تندوتیز ہوائیں چل رہی ہوتی ہیں،جو فضا میں ہزاروں فٹ کی بلندی پراڑنے والے ہوائی جہازوں کے لیے اکثروبیشترمشکلات کا سبب بن جاتی ہیں۔ ان ہواؤں کی تمام ترجزئیات کے ساتھ پیش گوئی دینے سے طیارے غیرمعمولی موسموں سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈوپلرز کے ذریعے سمندر میں بحری جہازوں کوتیزترموسمیاتی معلومات فراہم کی جاسکے گی جبکہ بین الاقوامی شپنگ اور بحری جہازوں کی ٹریفک کی پیش گوئی کے نظام میں بہتری آئیگی۔ طوفان ،بارش ،گرم ترین موسم اوردیگر قدرتی آفات کی صورت میں تیز ترین آگاہی ممکن ہوگی ،کھلے سمندرمیں 200کلومیٹر کے رقبے میں شکار کرنے والے ماہی گیروں کو تیز ترین موسمیاتی صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے گا۔ڈوپلر کی تنصیب کے بعد قدرتی آفات کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین