پاکستان نیوی کی جانب سے” ایک دن پاک بحریہ کے ساتھ ” کے زیر عنوان لاہور کےمختلف تعلیمی اداروں کےطلباء و طالبات کےلئے پاکستان نیوی وار کالج میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلباء کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں، تنظیمی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں سے روشناس کروانا تھا،مختلف کالجزبشمول گورنمنٹ کالج یونیورسٹی،فضائیہ ڈگری کالج گیریژن کالج فاربوائز اوربحریہ کالج لاہور کے تقریبا 200طالب علموں اوراساتذہ نے تقریب میں شرکت کی.
کمانڈر سینٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے طلباء سے خطاب کیا اوران سےغیر رسمی گفتگو بھی کی.
کمانڈر سینٹرل پنجاب نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت اور عزم رکھتی ہے، انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لئے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور اس سلسلے میں ایک مضبوط بحری فوج کے کردار کو بھی اجاگرکیا.
بعدازاں تقریب میں پاک بحریہ کے اہل کاروں کی حربی تیاری،ہتھیاروں کی نمائش اورپاک میرینز اوراسپیشل سروسز گروپ پاکستان نیوی کی جانب سے اینٹی ٹیررازم ڈیموکا بھی انعقاد کیا گیا.
طلباء وطالبات نے پاک بحریہ کے کرداراورذمہ داریوں،بحری بیڑے میں شامل جدید ترین پلیٹ فارمز کی تفصیلات اور پاک بحریہ کی تمام جہات کے حوالے سےمعلومات میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا،طلباء نے پاک بحریہ کےمختلف شعبوں کے حوالے سے ایک نمائش کا بھی مشاہدہ کیا.
تقریب میں شریک طلباء اور اساتذہ نے پاک بحریہ کےجذبے،لگن اورپیشہ ورانہ قابلیت کوسراہا اور تقریب کے انعقاد پرپاکستان نیوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔