Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

ضمانت کے بعد دفعات میں اضافے کی آڑ میں ملزم کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جا سکتا، لاہور ہائیکورٹ

Published

on

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ فوجداری مقدمے میں ضمانت کے بعد نئے جرائم کے اضافے کی آڑ میں ملزم کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جا سکتا،ایک بار ضمانت ملنے کے بعد تفتیشی ایجنسی ملزم کو ضمانت کی منسوخی کے بغیر گرفتار نہیں کر سکتی. پولیس کو محض نئے جرائم کا اضافہ کر کے گرفتاری کی اجازت دینا لا محدود اختیار دینے کے مترادف ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے یہ قانونی نکتہ حبس بے جا کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے طے کیا ہے۔ شہری مجتبی سلیم بٹ نے آپنے بیٹے کی بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ اس کے بیٹے راشد کو اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف مصطفی ٹاؤن نے ضمانت پر ہونے کے باوجود گرفتار کر لیا ہے۔

سب انسپکٹر افضل کا کہنا تھا کہ راشد بٹ کے خلاف تھانہ شیراکوٹ میں دفعہ 381-A کا مقدمہ درج ہے۔ سیشن عدالت نے اس کی ضمانت منظور کر رکھی ہے لیکن اب اس کے خلاف نئے جرائم کا اضافہ ہو چکا ہے، مقدمے میں نئے جرائم کے اضافے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ یہ معاملہ بنیادی حقوق، خاص طور پر زندگی اور آزادی کے حق کی خلاف ورزی کے گرد گھومتا ہے۔  یہ ایک ایسی نظیر قائم کرتا ہے جو طاقت کے بے تحاشا غلط استعمال کا باعث بن سکتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اس طرح افراد کو ان کے خلاف نئے جرائم کا اضافہ کرنے کے سادہ آلے کے ذریعے حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ تفتیشی ایجنسی میں ایسی بے لگام صوابدید کا امکان قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے خلاف ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ  اس طریقہ کار سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عدالتی احکامات کو ناکام بنانے کا ڈی فیکٹو لائسنس مل جائے گا۔ عدالت کا فرض ہے کہ وہ ایسے طرز عمل کی سخت مخالفت کرے جو شہریوں کی آزادی کو نقصان پہنچائے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ریاست اور اس کے ادارے غیر قانونی کسی فرد کی زندگی یا آزادی سلب نہ کریں.

عدالت نے قرار دیا کہ کسی بھی فرد کو اس کی آزادی سے محروم کرتے وقت قانونی دفعات پر سختی سے عمل کرنا چاہیے. زندگی اور آزادی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ضمانت کے باوجود مغوی کی گرفتاری عدالتی اختیار کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے. جبکہ ایسے ملزم کی آزادی کی حفاظت کی جانی چاہیے جسے ضمانت کا اہل سمجھا گیا ہو۔ ضمانت منسوخ کروائے بغیر ملزم کو دوبارہ گرفتار نہ کرنا ہی عدالتی فیصلے کا احترام ہے۔ ضمانت کے مقدمات میں یہ اصول انصاف پسندی اور انفرادی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔ایک بار ضمانت ہونا آزادی کے حق کو تسلیم کرنا ہے جسے عدالتی نگرانی کے بغیر مجروح نہیں کیا جانا چاہیے۔ یہ نقطہ نظر طاقت کے صوابدیدی استعمال کے خلاف تحفظ میں عدلیہ کے کردار کی تصدیق کرتا ہے۔ افراد کی آزادیوں کو ذلیل و رسوا نہ کیا جائے, یہی انصاف کا بنیادی تقاضا ہے۔

عدالتی حکم پر ڈی آئی جی، او سی یو، ملک لیاقت اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ معاملے کی انکوائری کر کے ذمے دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ پولیس حکام کی یقین دہانی پر عدالت نے ملزم کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین