Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

15 ماہ میں چوری ہونے والی بجلی کا مالیاتی تخمینہ500 ارب، نقصان قیمت بڑھا کر پورا کیا جاتا ہے، پاور ڈویژن کا اعتراف

Published

on

پاور ڈویژن نے منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بجلی کو آگاہ کیا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران بجلی چوری کے مالیاتی اثرات کا تخمینہ 500 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ریاض مزاری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک سال کے دوران بجلی چوری کی 55 ہزار شکایات موصول ہوئیں جب کہ 20 ہزار ایف آئی آر درج کی گئیں تاہم چوری کے الزام میں صرف 528 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کا عدم تعاون بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

قائمہ کمیٹی کے ارکان نے نوٹ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے کیونکہ انہیں بھی اپنے اپنے حلقوں میں بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

کمیٹی نے ملک میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی صفر کے برابر ہے۔

پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ مکمل فیڈرز کے بجائے صرف ٹرانسفارمرز کو بند کرنے کا آپشن زیر غور ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب پر کام شروع کر دیا ہے جس کا مقصد چوری پر قابو پانا اور نقصانات کو کم کرنا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کو بجلی چوری کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ پاور ڈویژن کے حکام نے نوٹ کیا کہ بجلی چوری کی وجہ سے گردشی قرضہ بڑھ رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات کی تلافی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

پاور ڈویژن نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ چوری ڈسکوز کے متعلقہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ماتحت ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ ڈسکوز کی نجکاری یا انہیں صوبوں کے حوالے کرنے پر کام جاری ہے۔ قائمہ کمیٹی نے گڈو تھرمل پاور سٹیشن میں بار بار فالٹس کا معاملہ بھی اٹھایا اور متعلقہ حکام سے اسے دور کرنے کو کہا۔

تاہم سیپکو حکام نے بتایا کہ گرڈ گڈو پاور اسٹیشن کے اندر ہے جس کی وجہ سے انہیں بغیر اجازت اندر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ قائمہ کمیٹی کے ارکان نے موقف اختیار کیا کہ بجلی کی فراہمی عوام کا حق ہے تو جینکو اور سیپکو کی لڑائی میں عوام کو سزا کیوں دی جارہی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بجلی گڈو کے لوگوں کا حق ہے اور سوال کیا کہ مختلف تنظیمیں ایک دوسرے پر الزام کیوں لگا رہی ہیں۔ کمیٹی نے انکشاف کیا کہ گڈو پاور پلانٹ کے شارٹ سرکٹ کی خرابی کے باعث جنوبی علاقے کئی بار تاریکی میں ڈوب چکے ہیں۔

سیپکو حکام نے وعدہ کیا کہ یہ مسئلہ ڈیڑھ ماہ میں حل کر لیا جائے گا کیونکہ کنڈکٹرز تبدیل ہو جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ اس خرابی کو فوری طور پر ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین