Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر مل گئے، آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ پلان منظور کرلیا، سٹاک ایکسچینج میں تیزی

Published

on

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے مرکزی بینک کو سعودی عرب کی طرف سے 2 ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں، سعودی عرب کی طرف سے دو ارب ڈالر ملنے سے ملک کے کم ہوتے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔

اسحاق ڈار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب نے دو ارب ڈالر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیئے ہیں جس سے ملک کے زرمبادلہ کو تقویت ملے گی۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کی معیشت پہلے سے بہت بہتر ہے اور اب جلد مزید استحکام پیدا ہو گا۔ میں وزیر اعظم اور آرمی چیف کی جانب سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں

اسحاق ڈار کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید اچھی ڈویلپمنٹ ہو گی اور مستقبل میں معاشی معاملات مزید بہتری کی جانب جائیں گے۔

ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف پاکستان کے ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر رضامند ہو گیا، ذرائع کےمطابق عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک، چین، یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔

چین سے 3.5 ارب ، یو اے ای سے 1 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بنک سے 50 کروڑ ڈالر اور عالمی بنک سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا۔

معیشت  میں بہتری کا ایک اور اشارہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دیکھا گیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز تیز ی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 45000 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔

مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے لے کر اب تک 463 پوائنٹس کا اضافہ ہو چکا ہے اور اس وقت مارکیٹ کا انڈیکس 45049 پوائنٹس کی سطح پر موجود ہےجو 14 مہیینے کی بلند ترین سطح ہے۔

سٹاک بروکرز کےمطابق مارکیٹ میں صبح سے کاروبار کا آغاز مثبت تھا تاہم سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں دو ارب ڈالر کی رقم کے جمع ہونے کی خبر کے بعد مارکیٹ میں مزید تیزی آئی۔

سٹاک بروکرز کے مطابق سعودی دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کے بعد پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کا امکان مزید بڑھ گیا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین