Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

دلچسپ و عجیب

عوامی مقامات پر سگریٹ پینے والوں کو گھور کر دیکھیں، ہانگ کانگ کے وزیر صحت کا عوام کو مشورہ

Published

on

ہانگ کانگ کے وزیر صحت نے عوامی مقامات پر سگریٹ پینے والوں کی حوصلہ شکنی کے لیے عوام سے کہا ہے کہ وہ ایسے سگریٹ نوش افراد کو گھور کر دیکھیں۔

اس سوال پر کہ شہر کو ٹوبیکو فری کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ لو چنگ ماؤ نے کہا کہ پولیس سے یہ توقع نہیں کی جانی چاہئے کہ وہ سموکرز کو پکڑیں۔

ہانگ کانگ میں ان دنوں تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے سخت اقدامات کی بحث جاری ہے۔ موجودہ قوانین کے مطابق ریسٹورنٹس، کام کے مقامات، چند ان ڈور عوامی مقامات اور کچھ آؤٹ ڈور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی ہے۔

ہانگ کانگ کے وزیر صحت نے تمباکو نوشی میں کمی کے لیے عوامی مشاورت کے عمل کا آغاز کرے کے بعد ساتھی قانون سازوں کو بتایا کہ عوام کو تمباکو نوشی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، پولیس ہر سگریٹ نوش کو نہیں پکڑ سکتی۔

وزیر صحت خود بھی ڈاکٹر ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب عوام کسی کو نو سموکنگ ایریا میں سگریٹ نوشی کرتے دیکھیں تو اس کی حوصلہ شکنی کے لیے اسے گھور کر دیکھ سکتے ہیں۔

ہانگ کانگ میں عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے 1500 ہانگ کانگ ڈالر جرمانہ کی سزا مقرر ہے، جو 192 امریکی ڈالرز کے برابر ہے۔

وزیر صحت کا کہنا ہے کہ جب تک پولیس موقع پر پہنچے، ایسا ممکن ہے کہ ’ جرم‘ کا ارتکاب بند ہو چکا ہو، اس لیے سگریٹ نوشی کے تدارک کے لیے بس سٹاپ پر قطار بنانے جیسی اخلاقیات تشکیل دینا ہوگی، جیسے وہاں کوئی بھی قطار کی خلاف ورزی نہیں کرتا حالانکہ قطار بنانے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں۔

ہانگ کانگ میں تمباکو نوشی کم کرنے کے لیے جو تجاویز زیرغور ہیں ان میں ایک خاص وقت کے بعد پیدا ہوے والوں کے سگریٹ خریدنے پر پابندی اور سگریٹ کے پیکٹ پر ٹیکس میں اضافہ شامل ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین