Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

بنوں میں خودکش دھماکہ، 2 شہری شہید، 3 فوجیوں سمیت 6 زخمی، افغان شہری ملوث نکلا

Published

on

خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں موٹر سائیکل سوار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید، 3 فوجیوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بکا خیل بنوں میں خود کش حملہ گزشتہ روز ہوا جس میں موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور کی افغان شہری کے طور پر شناخت ہوئی ہے، جس کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ خود کش حملے میں 2 معصوم شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ 3 فوجی اہلکار اور 3 شہری زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی اور دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

دہشتگرد کی شناخت افغان شہری کی ہوئی ہے، بکا خیل، بنوں میں رکشا بم میں پھٹنے والا نوجوان بھی افغان شہری نکلا جو کہ تذکرے (افغانستان کا شناختی کارڈ) کی بنیاد پر پاکستان میں داخل ہوا۔

دہشت گرد کا نام رابن اللہ ولد خانور گل جبکہ اُس کا تذکرہ نمبر  08916164 ہے-اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ افغان حکومت کے قانونی دستاویز رکھنے والے لوگ بھی پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت  کر تے  ہو ئے کہا  ہے کہ خودکش حملے میں دو شہریوں کی شہادت پر  بہت  دکھ ہے ،،شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ۔زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ۔سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔پاک سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین