چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبہ(آئی ڈی سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے وزیر لیو جیان چائو نے کہا ہے کہ آئرن برادر اور آزمودہ دوست ہونے کے ناطے چین نے پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں ایک خصوصی مقام دے رکھا ہے اور وہ سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سینئر چینی رہنما نے جمعہ کو یہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات میں کیا۔
لیو جیان چائو نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کی مستحکم رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین سی پیک کے تمام جاری اور نئے منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی سی پیک اورپاک چین دوستی کی مستقل حمایت پر بھی تعریف کی۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں سی پیک کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صدر چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ پراجیکٹ کے طور پر سی پیک نے انرجی سکیورٹی میں نمایاں تبدیلی لائی ہے۔
دونوں ممالک میں سی پیک پر متفقہ سیاسی اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے اسحاق ڈار نے سی پیک کی کامیابیوں اور اس کے دوسرے مرحلہ میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطحی تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر رابطے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔