Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

لائف سٹائل

ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی لاہور میں سنیما ہاؤسز بنانے کا اعلان

Published

on

 وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان فلم انڈسٹری دنیا میں پہلے نمبر پر تھی۔ 2013 سے 2018 تک جب نواز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی تو انہی ادوار میں کلچر پالیسی اور فلم پالیسی آئی، کیونکہ ہم جانتے تھے کہ فلم انڈسٹری کے ذریعے پاکستان کے امیج کو دنیا میں بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے پاکستان میں سنیما گھر مختلف وجوہات کی وجہ سے پیٹرول اسٹیشن بن گئے یا سی این جی اسٹیشن اور شادی ہال بن گئے ہیں کیونکہ فلم بننا بند ہوگئی تھیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ انڈسٹری کے پاس اتنا پیسا نہیں تھا کہ وہ فلم بنا سکیں۔ رواں سال عید کے موقع پر 5 سے 6 فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں، اسی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن میں سنیماؤں کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔پاکستانی عوام کو سستی تفریح فراہم کرنا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سینما اور تھیٹرز بنائے جائیں گے۔ نوجوانوں کو فلم سازی کے میدان میں مواقع ملیں گے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ کے علاوہ جن شہروں میں جہاں تھیٹر اور سنیما تھے، ان کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے میوزک پالیسی کا اعلان بھی کیا۔ اس کے پہلے مرحلے میں اگلے ہفتے پاکستان کے علاقائی گلوکاروں کے لیے نیشنل ڈیجیٹل آرکائیو لانچ کی جائے گی۔  آج ہم نے کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل کا افتتاح کیا ہے، جسے تقریباً 10 سال کے بعد کھولا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملکی ثقافت، میوزک، فلم، لیٹریچر کے ذریعے پاکستان کا بہتر امیج دنیا کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ٹریننگ لیب کا قیام شروع کیا گیا ہےاسی طرح پوڈکاسٹ کا دائرہ کار بھی وسیع کیا جارہا ہے۔ اگر نوجوان ان چیزوں میں مصروف ہوں گے تو کوئی بھی شخص یا گروہ نوجوانوں کو نفرت، انتشار، فتنے، فساد کی ذہن سازی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں بم کے بجائے لیپ ٹاپ ہونا چاہیے، نفرت اور گالی کلوچ کا ہنر ہونے کے بجائے میوزک کا ہنر ہو، بچے کے ذہنوں میں فساد اور نفرت نہ پھیلائی جائے بلکہ پاکستان کی ثقافت، ورثہ، کلچر کو فروغ دیا جائے تاکہ دوبارہ کوئی 9 مئی کا سانحہ نہ ہو۔ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی ثقافت کو دنیا بھر میں فروغ دیا جارہا ہے، علاقائی موسیقی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔جون 2022میں حکومت پاکستان نے فلم پالیسی 2018 کے تحت پاکستان ٹیلی وژن میں فلم ڈویژن کے قیام اور پاک فلیکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔ خطاب کے دوران انہوں نے ’پاک فلیکس‘ نامی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ابتدائی تفصیلات بھی بتائیں اور کہا کہ اس پر پی ٹی وی کے تمام مواد سمیت فلم ڈویژن کا مواد بھی آن لائن دستیاب ہوگا۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین