Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

وزیراعظم کی صدارت میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس، CTD، پولیس، لیویز اور متعلقہ محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق

Published

on

Apex Committee meeting chaired by the Prime Minister, agreed to increase the capacity of CTD, Police, Levies and related departments

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں آج منعقد ہوا۔ شرکاء نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی، متاثرین کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا اور مزید معصوم جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے بروقت جواب دینے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، اہم صوبائی وزراء، صوبائی سیکرٹریز، کمانڈر بلوچستان کور اور سینئر سول، پولیس، انٹیلی جنس اور فوجی حکام شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کی قومی تعمیر و ترقی کے لیے قربانیوں اور کردار کو سراہتے ہوئے عزم کیا کہ پاکستان کے دشمن بلوچستان میں بدامنی پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں، انہیں پوری قوت اور قومی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے حالیہ المناک واقعے سے پوری قوم غمزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والے خوارج کو کسی قسم کی گنجائش نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم اور خوبصورت صوبہ ہے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وطن اور معصوم شہریوں کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین کا احترام کرنے والوں سے ہی مذاکرات ممکن ہوسکتے ہیں جو قومی پرچم کو سلامی دیتے ہیں۔

کمیٹی نے معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے بزدلانہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تیز کرنے کا عزم کیا۔

بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع جائزہ لیا گیا اور کمیٹی نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا۔فورم نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD)، پولیس، لیویز اور متعلقہ محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے دشمن قوتوں کو کسی بھی قیمت پر بلوچستان کے امن اور ترقی کو متاثر کرنے سے روکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے قومی ترقی کے لیے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے عزم کیا کہ پاکستان کے دشمن بلوچستان میں بدامنی پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں، ان شااللہ پوری قوت اور قومی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزدلانہ حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، سہولت کاروں اور مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کے آخر میں وزیراعظم نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین میں امدادی رقوم چیکس تقسیم کیے اور انہیں ریاست کی جانب سے مکمل تعاون اور تحفظ کا یقین دلایا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین