Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل، عمران خان کا گھر سب جیل قرار

Published

on

Rawalpindi police interrogate Bushra Bibi in Adiala Jail in May 9 cases

توشہ خانہ ریفرنس میں 14 سال کی قید کی سزا پانے والی سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کرکے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں نظر بند رکھا جائے گا، بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بنی گالا رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، ریزیڈنشل کمپاؤنڈ خان ہاؤس بنی گالا کو 31 جنوری سے تاحکم ثانی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

دہشت گردوں کی اڈیالہ جیل پرحملے کی دھمکی کے بعد سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقلی کو وفاقی انتظامیہ کے فیصلے سے مشروط کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ کو نامعلوم نمبر سے دھمکی آمیز کال جیل کے آفیشنل نمبر موصول ہوئی تھی، نامعلوم کالر کی جانب سے اڈیالہ جیل پر آئندہ تین روز میں حملے کی دھمکی دی گئی، جیل انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی پولیس کو گزشتہ رات خط لکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جیل کے اندر کالعدم دہشت گرد تنظیم کے قیدی بھی موجود ہیں، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی،شیخ رشید، فواد چودھری اور پرویز الٰہی بھی قید ہیں۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی منتقلی کے معاملے پر مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا، اڈیالہ جیل انتظامیہ کی درخواست پر مختلف آپشن پر غور کیا گیا۔

بنی گالہ ہاؤس، زمان پارک اور سرکاری ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے پر غور کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی اور ایک ارب سے زائد کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

بشریٰ بی بی سزا سننے کے فوراً بعد گرفتاری دینے کے لیے خود اڈیالہ جیل پہنچی تھیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین