ٹاپ سٹوریز
قرض پروگرام کی حمایت جاری نہیں رکھ سکتے، پی ٹی آئی وفد کی آئی ایم ایف حکام سے ملاقات
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام اور مستقبل میں حکومت کی تبدیلی کی صورت میں اس پر عمل درآمد سے متعلق اپنی حمایت واپس لینے کا عندیہ دیا ہے۔
آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے تعاون کی یقین دہانی واضح طور پر صاف اور شفاف انتخابات سے مشروط تھی جو کہ اب دکھائی نہیں دیتے لہذا وہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں۔
اس ضمن میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی سربراہی میں وفد نے آئی ایم ایف کے نمائندوں سے ملاقات کر کے شفاف انتخابات سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس شہباز شریف کی اتحادی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ تین ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا جس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ کے پاکستان میں نمائندوں نے سیاسی جماعتوں سے بات چیت کر کے حمایت حاصل کی تھی۔
اس ضمن میں آئی ایم ایف کے نمائندوں نے اہم سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ان ملاقاتوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کی نمائندہ برائے پاکستان ایستھر پیریز کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے تاکہ آئی ایم ایف پروگرام آگے بڑھتا رہے۔
پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے جولائی میں آئی اایم ایف وفد سے ہونے والی ملاقات کے بعد کہا تھا کہ ’الیکشن کے بعد جب تک نئی حکومت نہیں آتی تب تک آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کرتے ہیں۔‘
تین ارب ڈالر کے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی ابتدائی قسط جولائی 2023 میں پاکستان کو مل چکی ہے جب کہ اپریل تک تقریباً ایک ارب 80 کروڑ ڈالرز ملنا باقی ہیں۔
پاکستان کے لیے قرض کی اگلی قسط کا جائزہ 11 جنوری 2024 کو لیا جائے گا جسے ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں پی ٹی آئی نے جیل میں قید اپنے بانی چیئرمین کا بیان بھی جاری کیا ہے جس میں عمران خان نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام خطرے میں ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا اثر پاکستان کی کمزور معیشت اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات پر پڑے گا۔
بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے تعاون کا وعدہ صاف شفاف انتخابات سے مشروط تھا اور صاف شفاف انتخابات سے ملک میں اس سیاسی استحکام کا دروازہ کھلے گا جو معاشی استحکام و ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے جیل میں قید عمران خان سے ملاقات کی کوشش کی تھی تاکہ پروگرام کے حوالے سے ان کی جماعت کی حمایت لی جا سکے تاہم ایسا ممکن نہیں ہو سکا ہے۔
بعدازاں پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور پارٹی ترجمان رؤف حسن نے آئی ایم ایف کے نمائندوں سے بات چیت کی اور اپنے تحفظات ان کے سامنے رکھے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کو ماضی میں بھی آئی ایم ایف پروگرام متاثر کرنے کے الزامات پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، اس وقت کے پنجاب کے وزیر خزانہ محسن لغاری اور خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ تیمور جھگڑا کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آ چکی ہے جس کے مطابق مبینہ طور پر آئی ایم ایف کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں کہ آزادانہ و شفاف انتخابات ہونے دکھائی نہیں دے رہے ہیں لہذا وہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کی حمایت کی یقین دہانی نہیں کرا سکتے۔
نومبر 2023 میں پاکستان کے قرض پروگرام کے تحت پہلے جائزے کے حوالے سے آئی ایم ایف کے عملے اور پاکستانی حکام کے درمیان اسٹاف لیول کا معاہدہ طے پایا تھا۔
اس معاہدے کے بعد 11 جنوری 2024 کو اس کی حتمی منظوری ملنے کی توقع ہے تاہم یہ معاملہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری پر منحصر ہے۔
-
کھیل1 سال ago
ورلڈ کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی، سری لنکا نے اپنا کرکٹ بورڈ برطرف کردیا
-
کھیل1 سال ago
کم عمر لڑکی کی سیکس ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر ریئل میڈرڈ کے 3 کھلاڑی گرفتار
-
تازہ ترین8 مہینے ago
چیئرمین پی سی بی دو طرفہ سیریز پر بات کرنے آئرلینڈ پہنچ گئے
-
پاکستان7 مہینے ago
مریم نواز سے گورنر پنجاب کی ملاقات،صوبے کی ترقی کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال
-
ٹاپ سٹوریز1 سال ago
آئی ایم ایف بورڈ سے معاہدہ منظور،1.2 ارب ڈالر کا فوری اجرا ممکن، باقی رقم دو سہ ماہی جائزوں سے مشروط
-
کالم2 سال ago
اسلام میں عبادت کا تصور
-
ٹاپ سٹوریز7 مہینے ago
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
-
تازہ ترین9 مہینے ago
پی سی بی نے انٹرنیشنل ٹیموں کے قیام کے لیے عمارت خرید لی