Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

سربراہ پاک فضائیہ کی ترک ایئر فورس اکیڈمی میں گریجویشن تقریب میں شرکت

Published

on

ترک ایوان صدر کی خصوصی دعوت پر سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے دورہ ترکیہ کے دوران بطور مہمان خصوصی ترک ایئر فورس اکیڈمی میں منعقدہ گریجویشن اور پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب میں قطر کے وزیر مملکت برائے دفاع و نائب وزیراعظم ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ اور جمہوریہ آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف کے علاوہ اعلیٰ عسکری عہدیداران اور دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی ریاستی حکام نے بھی شرکت کی۔

ترک ایئر فورس اکیڈمی میں منعقدہ گریجویشن اور پرچم  کشائی کی تقریب فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے، کیونکہ یہ تقریب  انکی سخت ترین تربیت کے اختتام پذیر ہونے اور بطور افسر ترک فضائیہ میں ایک نئے سفر کے آغاز کی غماز ہے۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بطورِ مہمان خصوصی  شرکت نے اس تقریب کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا جو کہ دونوں فضائی افواج کے مابین دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تقریب کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیاء کمال کادیوگلو سمیت مختلف اعلیٰ سطحی شخصیات سے ملاقات کی۔ ائیر چیف نے اس پُر تپاک دعوت پر ترک صدر رجب طیب اردوگان کا شکریہ ادا کیا اور ترک فضائیہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ اقدار اور نصب العین کا بھی ذکر کیا جو کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین لازوال دوستی کا مظہر ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے ترکیہ کے ساتھ دو طرفہ عسکری تعاون بالخصوص دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں کی مشترکہ تیاری کے حوالے سے پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا بھی عزم کیا جو کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے دونوں ممالک کے مابین باہمی اتحاد پر مبنی ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس موقع پر عسکری دفاع اور ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کے لیئے مزید راہیں استوار کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون سے متعلق حالیہ اسٹریٹجک فریم ورک معاہدے کے تناظر میں سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین قائم دیرینہ تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کا مظہر ہے۔ اس اسٹریٹجک فریم ورک کی بدولت  پہلے ہی ترکیہ کی بہت سی معروف کمپنیاں  نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے حال ہی میں افتتاح کردہ “ایلفا ٹیکنو اسکوائر” میں اپنے دفاتر قائم کر چکی ہیں

یہ فریم ورک مختلف تکنیکی شعبوں بالخصوص ایرو اسپیس اور ٹیکنالوجی میں تعاون کے فروغ اور باہمی اشتراک کی راہ ہموار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس معاہدے نے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ منصوبوں، تکنیکی صلاحیتوں کی منتقلی اور تربیتی شعبے میں معاونت کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے جس سے ہوابازی کی صنعت میں ترقی اور جدت کو فروغ دیا جا سکے گا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اپنے بیرون ملک دورے کے دوران ہنگری کی ڈیفنس فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل گیبور بورونڈی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات نے دونوں ممالک کی عسکری قیادت کو باہمی مفادات، اسٹریٹجک مقاصد اور بہتر تعاون کے لیئے نئے راہیں استوار کرنے کے حوالے سے نتیجہ خیز بات چیت  کا ایک قیمتی موقع فراہم کیا۔

ائیر چیف نے انہیں دونوں ممالک کے مابین موجودہ شراکت داری کے فروغ اور دفاعی شعبے میں تعاون سے متعلق پاکستان کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہء ترکیہ نہ صرف دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ تعلقات کو فروغ دینے کا ضامن ہے بلکہ دونوں ممالک کے ایک پرامن اور خوشحال خطے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔

ساجد خان کراچی کے ابھرتے ہوئے نوجوان صحافی ہیں،جو اردو کرانیکل کے لیے ایوی ایشن،اینٹی نارکوٹکس،کوسٹ گارڈز،میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی،محکمہ موسمیات،شہری اداروں، ایف آئی اے،پاسپورٹ اینڈ امگریشن،سندھ وائلڈ لائف،ماہی گیر تنظیموں،شوبز اور فنون لطیفہ کی سرگرمیاں کور کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین