Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

حوالہ ہنڈی کاروبار پر کریک ڈاؤن تیز، ڈالر ذخیرہ کرنے والے بھی پکڑ میں آئیں گے، 6 ملزم گرفتار

Published

on

حوالہ ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کے لیے خطرے کا سائرن بج گیا،ایف آئی اے حکام نے کرنسی کی غیرقانونی منتقلی کے کارروبارسے جڑے عناصرکے خلاف کمرکس لی،روایتی طریقوں کے بجائے کڑی نگرانی کا عمل شروع کردیاگیا متوقع چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک پرسختی سے ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

حوالہ ہنڈی کا کاروبارکوئی آج کا نہیں ہے،فرد سے فرد کے درمیان طے پانے والے اس عمل کے ذریعے دنیا کے بہت سے ممالک میں نقدی کی منتقلی کی جاتی ہے،لیکن اگراس کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیاجائےتویہ ایک غیرقانونی عمل ہے،جس کے ذریعے بینک یا کسی اورمالیاتی ادارے کی حیثیت کو سرے سے مائنس کرکے اورکسی بھی قسم کی قانونی دستاویزات،فیسوں کی مد میں ادائیگی اوردیگرشرائط کو پس پشت ڈال کر زبانی جمع خرچ کے ذریعے رقوم کو پہیہ لگادیا جاتاہے،یہ رقم ایک ملک سے دوسرے ملک ایک مخصوص کوڈ کے ذریعے منتقل ہوجاتی ہے۔

پاکستان اورپھرکراچی جیسے بے ہنگم شہر میں بھی حوالہ ہنڈی کا کاروبارڈھٹائی سے جاری ہے،ذرائع کا کہناہے کہ شہر کے گنجان آباد کئی علاقوں میں ایسے نیٹ ورکس موجود ہیں،جو کسی اورکاروبارکا آڑلے کرحوالہ ہنڈی کا کام کررہے ہیں،اس حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سےگذشتہ کچھ عرصے کے دوران کارروائیاں عمل میں لائی جاتی رہی ہیں۔

ان کارروائیوں کے دوران ایک فرد کی گرفتاری کے بعد پوری چین پکڑی گئی،اس دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ کچھ واقعات میں گھر کی خواتین سمیت پوراکنبہ ہی حوالہ ہنڈی کے دھندے میں ملوث پایاگیا،یہ کہا جائے توبے جانہ ہوگاکہ حوالہ ہنڈی کا کاروبارشتربے مہار کی طرح جاری ہے،تاہم اب حوالہ ہنڈی کے کاروبارسے جڑے افراد سے روایتی طریقے کے بجائے کچھ مختلف اندازسے نمٹنے کی ٹھان لی گئی۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کی جانب سے نہ صرف نگرانی کا عمل تیزکردیاگیا ہے،بلکہ یہ ٹھان لی گئی ہے کہ اب غیرقانونی شکل میں پنپنے والے اس کارروبارکے خلاف ہروہ قدم اٹھایا جائےگا،جو ملکی معیشت کے لیے سودمند ہوْ

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو داؤ پرلگانے والے عناصر کے خلاف انتہائی سخت کارروائیاں متوقع ہیں،ذرائع کا کہناہے کہ ڈالرکی اونچی اڑان اورپاکستانی روپے کی بےتوقیری میں ایک اورپہلو بھی کارفرما ہے،یہ وہ عام طبقہ ہے،جنھوں نے ڈالرکی بڑھتی قیمت کو دیکھ کربہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لیے ڈالرزاوردیگرغیرملکی کرنسی کوذخیرہ کرلیاہے۔
اوراس بات کا منتظر ہے کہ ڈالرکے ریٹ بڑھے تووہ منافع پرفروخت کرسکے،اگررواں ماہ کے دوران ایف آئی اے حکام کی کارروائیوں جائزہ لیا جائےتوفیصل آباد،پشاوراورکراچی میں گذشتہ دنوں کے دوران کارروائی کے دوران ڈالرز اورغیرملکی کرنسی ضبط کی گئی ہے۔

اس حوالے سے گذشتہ روزکراچی میں ایف آئی اے کے تین مختلف سرکلز اینٹی کرپشن،کارپوریٹ کرائم اورکمرشل بینک سرکل نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیاں کیں،جس کے دوران 6ملزمان کو گرفتارکیاگیا جبکہ ان ملزمان سے 35ہزارامریکی ڈالرزبرآمد ہوئے،جن میں سے23ہزارڈالرزکی خریدوفروخت کے حوالے سے ملزمان تفتیش کاروں کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے،ملزمان کے قبضے سےحوالہ ہنڈی کے لیے استعمال ہونے والی دستاویزات بھی برآمد ہوئیں،گرفتار ملزمان میں زیاد خان،محمد عرفان،فرقان ،محمد سلیم، محمد رضا اور سید اسامہ شامل ہیں،حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین