Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

ڈیرہ اسماعیل خان: دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے کی دیوار سے ٹکرادی، 3 اہلکار شہید، 2 حملہ آور مارے گئے

Published

on

ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہےکہ تھانہ درابن پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے تھانے کے مین گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی، حملے میں تھانے کی چھت گر گئی ہے، دہشت گردوں نے تھانے کے اندر گھسنے کی کوشش کی، حملے میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے کے قریب فائرنگ جاری ہے، جبکہ حملے کے نتیجے میں 16 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں، زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تحصیل درابن کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

اس حملے کے بعد سکیورٹی خدشات پر تحصیل درابن میں تمام سرکاری و نجی سکول بند کر دیئے گئے۔حملہ رات تقریباً تین بجے کے قریب ہوا۔

سیکیورٹی فورسز نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور بازاروں اور مساجد میں اعلانات کیے گئے ہیں کہ لوگ گھروں سے نہ نکلیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں۔دہشت گردی کی نرسریوں کو ختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔

سابق صدر آصف زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور نرسریوں کو ختم کرنا ہو گا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین