Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

تنخواہ دار طبقے پر نئے انکم ٹیکس ریٹس، زراعت اور ہیلتھ سیکٹر 18 فیصد سیلز ٹیکس پر اختلافات، IMF کے ساتھ مذاکرات بے نتیجہ ختم

Published

on

آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا ایک اور راؤنڈ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ مذاکرات میں فریقین کے درمیان تنخواہ دار اورغیر تنخواہ دار طبقے پر نئے انکم ٹیکس ریٹس، زراعت اور ہیلتھ سیکٹر پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کے عائد کیے جانے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں 4 لاکھ 67 ہزار ماہانہ سے زیادہ کمانے والے تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار طبقے پر 45 فیصد انکم ٹیکس عائد کرنے پر بحث ہوتی رہی، اس وقت سب سے زیادہ انکم ٹیکس 5 لاکھ روپے ماہانہ کمانے والے افراد پر 35 فیصد عائد ہے۔

فریقین نے ایکسپورٹرز پر انکم ٹیکس بڑھانے پر اتفاق کرلیا، جنہوں نے رواں سال صرف 86 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرایا ہے، جو کہ تنخواہ دار طبقے کی طرف سے جمع کرائے گئے ٹیکس سے 280 فیصد کم ہے، پاکستان نے پینشنز پر ٹیکس عائد کرنے کیلیے بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور حکومت انکم ٹیکس کی حد، تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی شرح کے انضمام اور افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس کی شرح پر متفق نہیں ہوسکے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف تنخواہ دار، غیر تنخواہ دار اور دیگر ذرائع سے انکم حاصل کرنے والے تمام افراد کو ایک ہی کیٹیگری میں شامل کرکے ایک ہی سلیب کے تحت لانے اور انکم ٹیکس کی بالائی حد کو 35 فیصد سے بڑھا کر 45 فیصد کرنے پر اصرار کر رہا ہے جبکہ حکومتی نمائندوں کی خواہش ہے کہ قابل ٹیکس انکم کی سالانہ حد کو 9 لاکھ روپے تک بڑھا دیا جائے، حکومت زیادہ سے زیادہ انکم ٹیکس 45 فیصد کرنے پر راضی نہیں ہے، البتہ قابل ٹیکس انکم کی 6 لاکھ روپے سالانہ کی موجودہ حد کو برقرار رکھنے کے لیے لچک دکھانے کو تیار ہے۔

زیر غور تجاویز میں سے ایک تجویز کے مطابق اگر انکم ٹیکس کے اطلاق کی سالانہ حد 9 لاکھ تک بڑھا دی جاتی ہے تو پھر ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ لینے والوں پر ٹیکس کی شرح 2.5 فیصد سے بڑھ کر 7.5 فیصد ہوجائے گی، ایک لاکھ 33 ہزار انکم پر انکم ٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہوجائے گا، 2لاکھ 67ہزار پر انکم ٹیکس 22.5 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق تنخواہ دار طبقے نے رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران 325 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا ہے، جو کہ جون کے اختتام پر 360 ارب روپے ہوجانے کی توقع ہے، آئی ایم ایف کی تجاویز قبول ہونے کی صورت میں اگلے مالی سال تنخواہ دار طبقہ 540 ارب روپے ٹیکس ادا کرے گا، جس کے اثرات کو زائل کرنے کے لیے تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ بھی کافی نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو کہا ہے کہ اگر وہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا تو اس کا متبادل پیش کرے، جلد مزاکرات کا ایک اور دور شروع ہوگا۔

آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان ایکسپورٹرز پر ٹیکس ریجیم تبدیل کرنے کے لیے سمجھوتہ طے پاگیا ہے، جس کے مطابق ایکسپورٹرز پر عائد موجودہ ایک فیصد انکم ٹیکس کو کم از کم تصور کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ایکسپورٹرز کو اپنے اخراجات اور آمدنی سے متعلق دستاویزات جمع کرانی ہوں گی، جس سے ایکسپورٹرز سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان فرٹیلائزر، پیسٹی سائیڈز، بیجون، میڈیسن، سولر پینلز، میڈیکل اور سرجیکل آلات سمیت دیگر تمام اشیاء پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، حکومت خاص طور پر مذکورہ بالا اشیاء پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین