Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

لائف سٹائل

کراچی کی گنجان آبادیوں میں فلمائی گئی فلم ’ جون‘ مقامی کرسچن آبادی کی زندگی تصویر پیش کرے گی

Published

on

کراچی کے گنجان آبادی والےعلاقوں میں اصل لوکیشنز پرفلمائی گئی فلم ’جون‘ ریلوے کے پلیٹ فارم جھاڑو دینے والےنوجوان خاکروب کی شبانہ روزمحنت سے سماج دشمن عناصر کے آلہ کاربننے کی داستان پرمبنی ہے۔

ایکشن و رومانس فلم 14جولائی کو ملک کے ممتازسینماگھروں پرپیش کی جائیگی،فلم کے مرکزی کردار جون (عاشر) نے حقیقت سے قریب ترکردارنگاری کے لیے سوئپیرزکے ساتھ ان کے بودوباش کا مشاہدہ کرنے کے لیے وقت گذارا،ان کے چہرے کے کئی لک ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

فلم جون کے رائٹر،ڈائریکٹربابرعلی اورپرڈیوسرفائزہ خانم نے فلم ’جون‘ کی کاسٹ کے ہمراہ کراچی کی آرٹ گیلری کوئل میں میڈیا نمائندگان کوفلم جون سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔

ڈائریکٹربابرعلی کے مطابق فلم کی عکسبندی مکمل طورپر کراچی میں کی گئی ہے جبکہ سیہون میں بھی صوفی ازم کی ضرورت کے پیش نظرفلم کا اسپیل شوٹ کیا گیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ فلم کے ذریعے کوئی اصلاحی میسیج نہیں دیا جارہا،یہ مکمل طورپرایک کمرشل فلم ہے،جس میں موسیقی،رومانس ،ماردھاڑسمیت وہ تمام لوازمات رکھے گئے ہیں،جوایک فلم کی ضرورت ہوسکتے ہیں۔

فلم کی نمایاں کاسٹ منجھے ہوئے اداکارسلیم معراج کے علاوہ رومیسہ خان،عاشر وجاہت رضا سموں،محمد احتشام الدین اورراشد فاروقی شامل ہیں۔

بابرعلی کے مطابق فلم جون کی عکسبندی کراچی کے گنجان آبادی والے علاقوں میں اصل لوکیشنز پر کہانی کی ڈیمانڈ کے مطابق کی گئی ہے،اس کے لیےشوٹنگ ٹیم میں شامل  70کے لگ بھگ افراد نے ان تنگ گلیوں اورمختصر رقبے والے گھروں میں بھاری بھرکم کیمروں اوردیگرآلات کےساتھ فلم کو شوٹ کیا،انھوں نے کرسچن آبادیوں میں مقیم افراد کو یہ باورکروایا کہ ان کے گھر کس قدراہمیت کے حامل ہیں،وہ حیران ہوئے کہ ان کے گھروں میں ایسا کیا ہے،تاہم  وہ سارے لوگ فلم کے ساتھ جڑتے چلے گئے۔

فلم کی پرڈیوسر فائزہ خانم کے مطابق جن علاقوں اورگھروں میں فلم کی عکسبندی کی گئی وہ یکسرمختلف گھرہیں،ان لوگوں کی اپنی عادات ومعمولات ہیں،وہ ایک مخصوص بودوباش میں زندگی بسرکررہے ہیں،کرسچن کمیونٹی فلم کی ٹیم سے اس قدرمانوس ہوئی کہ انھوں نے  فلم ٹیم کے ساتھ ایک ممبر کے طورپرکام کیا،کہانی کی ضرورت کے عین مطابق فلم کی شوٹنگ چرچ اورکرسچن قبرستان میں بھی کی گئی۔

معروف فلم ڈائریکٹر اورپرڈیوسر وجاہت روف کے بیٹے(فلم کے ہیرو)عاشروجاہت فلم جون میں مرکزی کرداراداکررہے ہیں۔

عاشر رؤف نے کہا کہ ہم لوگ بچپن سے پاکستانی اورہالی ووڈ وہ فلمیں دیکھتے بڑے ہوئے ہیں،جس میں ہیرو ایک الگ دنیا کی نمائندگی کرتا ہے،مگر ایک آرٹ لوراورمووی لور فیملی سے تعلق کی بنا پرانھیں اس کردار کی اہمیت کا اندازہ ہے۔

عاشر رؤف کے مطابق اس کردارکے لیے انھوں نے نہ صرف ٹیم کے ساتھ ہرزاویے سے ریہرسل کی بلکہ ریلوے پلیٹ فارم پرجھاڑو دینے والے ایک خاکروب کی زندگی کیسی ہوتی ہے،اس کیمسٹری کو سمجھا،اور ان کے ساتھ وقت گذارا،ان کے چہرے کو کردارکے مطابق ڈھالنے کے لیے اسٹائلش میک آپ آرٹسٹ کے ذریعے پانچ سے چھ لک ٹیسٹ ہوئے،جس میں سے ایک کا انتخاب کیا گیا۔

فلم میں ماریہ کا مرکزی کردارادا کرنے والی رومیسہ خان کے مطابق فلم میں وہ عام سے گھرانے کی ایک کرسچن لڑکی ہے،جوعمومی طورپرنوجوان لڑکیوں جیسے سپنے دیکھتی ہے،مگرپھر وہ خواب کچھ حقائق آشکارہونے کے سبب ٹوٹ جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ماضی بعید اور ماضی قریب کی پاکستانی فلموں میں کرسچن کمیونٹی کے کردار اسکرپٹ میں شامل کیے جاتے رہے ہیں تاہم وہ موضوع کے اعتبارسے ثانوی نوعیت کے ہوتے تھے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین