Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

عمران خان جیل میں فائیو سٹار جیسی سہولتوں کے باوجود چیخیں مار رہے ہیں، این آر او نہیں ملے گا، احسن اقبال

Published

on

Imran Khan should apologize to the nation for the events of May 9, negotiations cannot take place before that, Ahsan Iqbal

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فائیواسٹار جیسی سہولتیں ملی ہیں پھر بھی چیخیں مارتے ہیں،یہ لوگ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں،واضح کرناچاہتا ہوں آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملےگا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ لیڈر آف دی اپوزیشن نے کچھ نکات اٹھائے ہیں،مطالبہ کیا بانی پی ٹی آئی کیلئے حالات بہتر کئے جائیں،ہمیں جیلوں میں صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا،مسلم لیگ (ن) نے بہادری کے ساتھ جیلیں کاٹیں،رانا ثنااللہ بھی ان کےدور حکومت میں جیل جاچکے ہیں۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ ہمیں جن حالات میں رکھا گیا اس کے مقابلے میں بانی پی ٹی آئی کو فائیواسٹار سہولتیں میسر ہیں،انہیں فائیواسٹار جیسی سہولتیں ملی ہیں پھر بھی چیخیں مارتے ہیں،ان کے بیان ایسے چلتے تھے جیسے بنی گالہ سے پریس کانفرنس کررہے ہیں،کیا کسی نے راناثنااللہ،خواجہ سعد رفیق،حنیف عباسی یا میری چیخیں سنی تھیں،ہماری فیملی 5،5 گھنٹے بیٹھی رہتی تھی کسی وکیل سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ آپ لوگ یہ بات سمجھ لیں،آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملےگا،انہوں نے دوسروں کیلئے جو قبریں کھودیں اس میں خود گرگئے،ہم امریکا جاکر کسی سینیٹر کے قدموں میں نہیں گرے،ہم نے اداروں میں اپنی بے گناہی ثابت کی تھی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں زیادتی ہورہی ہے تو عدالتوں میں بے گناہی ثابت کریں،190ملین پاؤنڈ کا جو غبن کیا ہے بتائیں کس نے کیا ہے،سکیورٹی گارڈ کو مہنگے اور وزیراعظم کو سستے تحفے ملے ہیں،آپ نے ہیرا پھیری کی ہے،آپ تو دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے،جب آپ سے کہا جائے رسیدیں دکھائیں تو چیخیں نکلتی ہیں۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ دوسروں کیلئے جو ترازو آپ نے لگائے تھے اس پر خود بھی تلنے کیلئے تیار ہوں،یہ لوگ اصل میں این آر او مانگ رہے ہیں،واضح کرناچاہتا ہوں آپ کے لیڈر کو این آر او نہیں ملےگا،آپ کو عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی۔

اسی موقع پر حنیف عباسی نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام مراعات حاصل ہیں،بانی پی ٹی آئی کو کھانے میں دیسی مرغی،دیسی گھی سے بنے کھانے ملتے ہیں،یہ کیسی جیل ہے جس میں دیسی مرغی مل رہی ہے،یہ کیسی جیل ہے جس میں مکھن،ایکسرسائز والی سائیکل بھی ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ڈیمانڈ کی جاتی ہے صبح کا ناشتہ فلاں ریسٹورنٹ سے لاکر دیا جائے،یہ کون سی جیل ہے جس میں اسلام آباد کے ہوٹل سے کھانا آتا ہے؟بانی پی ٹی آئی جیسی سہولتیں باقی قیدیوں کو بھی دی جائیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ لیڈر آف اپوزیشن کو آج بلوچستان کا درد اٹھا ہے،محرومی کی بنیاد ان کے دادا ابو نے رکھی تھی،لوگ پہاڑوں پر چلے گئے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 2ستمبر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین