Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023 پاک فضائیہ کی کامیاب شرکت کے بعد اختتام پذیر

Published

on

مصر کی محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقدہ بحری، بری اور فضائی افواج پر مشتمل بین الاقوامی فضائی مشق برائٹ اسٹار 2023،جس میں پاک فضائیہ نے کامیابی سے شرکت کی، اختتام پزیر ہو گئی۔

دو ہفتوں پر محیط اس مشق میں کل 30 ممالک نے حصہ لیا جن میں پاکستان، امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، عمان، اردن، یونان اور قطر سمیت دیگر ممالک شریک ہوئے۔ مشق میں شامل پاک فضائیہ کے دستے اور اس کے جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کامیاب شرکت نے نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے پاک فضائیہ کے عزم کو تقویت بخشی بلکہ متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں اسکی کارکردگی اور بھرپور صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔

سنہ 1977ء میں امریکہ اور مصر کے مابین دو طرفہ تربیتی پروگرام کے طور پر شروع ہونے والی برائٹ سٹار  آج ایک قابل ذکر بین الاقوامی مشق کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔ اس مشق نے بین الاقوامی افواج کے مابین باہمی کاروائیوں کو بہتر بنا کر ان ممالک کے مابین علاقائی ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیئے مشترکہ تربیت کو فروغ دیا ہے۔

پاک فضائیہ نے مشق کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر اور علاقائی استحکام و بین الاقوامی تعاون کے اپنے عزم کی تائید کرتے  ہوئے ان مشقوں میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ ایئر و گراؤنڈ عملے پر مشتمل پاک فضائیہ کے دستے نے مشق کے دوران غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

مشق کے دوران سخت تربیت اور حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرناموں کے پیش نظر پاک فضائیہ نے اس فضائی مشق میں اپنی بھرپور آپریشنل تیاری اور عصر حاضر کے اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اس انتہائی اہم مشق میں پاک فضائیہ کی نمایاں شمولیت عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے اسکے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

فضائی مشق برائٹ سٹار 2023 کے ذریعے پاک فضائیہ نے ایک بار پھر سے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی برادری کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے عہد کی پاسبانی کی ہے۔ پاک فضائیہ عصرحاضر کے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے اور مستقبل کے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر  اتحادی ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ  باہمی تعاون کے فروغ کے لیئے پرعزم ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین