Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند ہے، وزیراعظم

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنی ہے،ملک میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائےگا،ایس آئی ایف سی ملک کی معاشی بحالی کی جامع حکمت عملی کا مظہر ہے،ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل  بیٹھنا خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگراں کابینہ بھی شریک ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزراء بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ایپکس کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے میں کونسل کا کلیدی کردار ہے، ایس آئی ایف سی ملک کی ’معاشی بحالی‘ کی جامع حکمت عملی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموارکرنا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے گا، اس منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کرنا ہے، ایس آئی ایف سی اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ بہت اہم ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے، عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا، اس منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا، کونسل کا مقصد ”ایک حکومت اور اجتماعی حکومت“ کے تصور کا فروغ ہے۔

 

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین