Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

لاہور: فیروزوالہ میں مال بردار ٹرین سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا سلنڈر گر گیا، گیس پھیلنے سے کئی افراد بیہوش، 22 ہسپتال پہنچائے گئے

Published

on

محکمہ ریلوے کی غفلت نے  لاہور کے علاقہ فیروزوالہ میں 22 افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ مال گاڑی سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا سلنڈر پٹری پر گرا اور وہاں کھیل کود میں مشغول بچوں نے ریگولیٹر کھول دیا۔ علاقہ میں گیس پھیلنے سے قریبی آبادی کو سانس لینے میں شدید دشواری ہونے لگی، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور علاقہ مکینوں کو نکالا لیا گیا متاثرہ افراد کو مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

مال گاڑی شیخوپورہ سے لاہور کی جانب روانہ تھی، مال گاڑی کی دو بوگیوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے بھرے سلنڈر موجود تھے تاہم ریلوے حکام کی جانب سے ناقص انتظامات کیوجہ سے ایک بڑا سلنڈر پٹری کے ساتھ زمین پر گرا مگر کسی کو خبر نہ ہوئی۔

ٹرین کے گزرنے کے فوری بعد پٹری کے ساتھ کھیلتے بچوں نے سلنڈر کو دیکھا اور اس سے چھیڑ چھاڑ کرنے لگے اور اس کا ریگولیٹر کھول دیا، سلنڈر کا ریگولیٹر کھلنا تھا کہ مہلک گیس انتہائی تیزی سے علاقہ میں پھیلنے لگی اور پورے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

گیس کمزور افراد کے دماغوں کو چڑھ جانے کے باعث وہ موقع پر ہی بیہوش ہوگئے اور 100 سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے جن کا سر بوجھل ہو رہا تھا۔

اہل علاقہ نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر علاقہ میں کثیر تعداد میں افراد کو گھروں سے باہر نکال لیا اور بیہوش ہونے والے 22 افراد کو فوری طور پر مقامی ہسپتال پہنچایا، جہاں 17 افراد کو علاج کے بعد ہوش آگیا تاہم 5 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے اہل علاقہ کی مدد سے دو بچوں کو حراست میں لے لیا ہے جنہوں نے سلنڈر کا ریگولیٹر کھولا تھا تاہم تاحال ان کے دو ساتھی فرار ہیں جن کی تلاش کی جارہی ہے ریلوے حکام نے واقع سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور اپنی لاپرواہی ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین