پاکستان
لاہور ہائیکورٹ نے سیٹلمنٹ ریکارڈ RL 2 کو 30 دن میں پبلک کرنے کا حکم دے دیا
لاہور ہائیکورٹ نے معلومات تک رسائی کے قانون کی بالادستی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا، قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آبادکاری اور بحالی کے سیٹلمنٹ ریکارڈ کو اکیاون سال قبل سیل کرنے اور مصدقہ نقول کی فراہمی پر پابندی کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بورڈ آف ریونیو، پنجاب کو سیٹلمنٹ سکیموں کے ریکارڈ کو مستقل طور پر سیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے، نہ ہی بورڈ کسی شخص کو ریکارڈ کی تصدیق شدہ کاپیوں کا معائنہ کرنے یا حاصل کرنے کے حق سے صاف انکار کر سکتا ہے، عدالت نے بورڈ آف ریونیو کے فل بورڈ کو 30 روز میں سیٹلمنٹ ریکارڈ پر مبنی RL-II رجسٹروں کی مصدقہ کاپیاں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے یہ فیصلہ شہری سید زوار رضا کی ایڈوکیٹ مقبول حسین شیخ کی وساطت سے دائر درخواست پر جاری کیا.
عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 19-A، میں ہر شہری کو معلومات تک رسائی کا بنیادی حق دیا گیا ہے،انفارمیشن ایکٹ کے تحت مصدقہ کاپی کی فراہمی سے اس بنیاد پر انکار کہ سیل شدہ RL-II رجسٹر عدالت کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے، سراسر غلط فہمی ہے۔ ریکارڈ کی جانچ اور تصدیق شدہ کاپی کے حصول کی ضرورت اس شخص کو بھی ہو سکتی ہے جس کا عدالت میں کوئی معاملہ نہ ہو۔
عدالت نے قرار دیا کہ بورڈ آف ریونیو، پنجاب کا فل بورڈ اپنے طور پر یہ اندازہ لگا کر غلطی کا شکار ہو گیا کہ وہ RL -ii رجسٹر کی مصدقہ کاپیاں جاری کرنے کے مزید پابند نہیں ہیں۔ اتنا کہنا کافی ہے کہ قوانین کی تشریح صرف اعلیٰ عدالتوں کا اختیار ہے اور یہ ایگزیکٹو کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔بورڈ آف ریونیو RL-II رجسٹروں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرکے ڈی سیل کرنے کے لیے ایک مناسب طریقہ کار اختیار کرسکتا ہے،بورڈ آف ریونیو ریکارڈ کے معائنے کے لیے ایک معقول طریقہ کار تجویز کرسکتا ہے لیکن اس سے صاف انکار نہیں کر سکتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ انفارمیشن ایکٹ صوبہ پنجاب میں معلومات تک رسائی کے بنیادی حق کو مؤثر بنانے کے لیے نافذ کیا گیا تھا۔ایکٹ کے تحت ‘معلومات کے حق’ میں کسی عوامی ادارے کی دستاویز کا معائنہ کرنے اور اس کی تصدیق شدہ کاپی حاصل کرنے کا حق شامل ہے۔اس قانون میں درخواست دہندہ معلومات حاصل کرنے کی وجوہات فراہم کرنے کا پابند نہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایسی درخواست صرف اس صورت میں رد کی جا سکتی ہے جب معلومات کا افشاء اس کے سیکشن 13 میں درج کسی بھی استثناء میں آتا ہو۔ جبکہ سیکشن 13 میں درج استثناء میں سے کوئی بھی RL-II رجسٹرز کی مصدقہ کاپیاں جاری کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔قانون شہادت آرڈر کے مطابق تمام دستاویزات جو خودمختار اتھارٹی، سرکاری اداروں اور ٹربیونلز کے اعمال یا ریکارڈ کو تشکیل دیتی ہیں، عوامی دستاویزات ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسی طرح پاکستان میں رکھے گئے نجی دستاویزات پر مبنی ریکارڈ بھی عوامی دستاویزات ہیں۔ ہر سرکاری افسر جو عوامی دستاویز کی تحویل رکھتا ہے، اس کا معائنہ کرنے کا کسی بھی شخص کو حق حاصل ہے، جو افسر اس شخص کو مانگنے پر دے گا۔مذکورہ افسر قانونی فیس کی ادائیگی پر اس کی کاپی، اس کے ساتھ دستاویز کے صحیح ہونے کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ بھی دے گا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پبلک ریکارڈ کی مصدقہ کاپیاں پنجاب کاپینگ فیس ایکٹ 1936 کی دفعات اور ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کے کنٹرول میں ریکارڈ کی کاپیوں کی فراہمی کے قواعد کے تحت بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔لہذا عوامی اداروں، سرکاری ملازمین اور ایگزیکٹو کی طرف سے رکھی گئی عوامی دستاویزات برقرار نہ رکھنے کے باوجود عوامی ریکارڈ ہی تصور ہوں گی۔
عدالت نے قرار دیا کہ یہ دعویٰ کہ، RL-II رجسٹروں کو سیٹلمنٹ قوانین کی منسوخی کے بعد برقرار نہیں رکھا جا رہا ہے، اپنی افادیت کھو چکے ہیں اور اس طرح، عوامی ریکارڈ قائم نہیں رہا، ایک غلط فہمی ہے۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ چیف سیٹلمنٹ کمشنر نے 1973 میں فیلڈ میں موجود تمام RL-ii رجسٹرز تحویل میں لے کر سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔ 1984 میں ممبر بورڈ آف ریونیو نے اس ریکارڈ کی نقول جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
-
کھیل1 سال ago
ورلڈ کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی، سری لنکا نے اپنا کرکٹ بورڈ برطرف کردیا
-
کھیل1 سال ago
کم عمر لڑکی کی سیکس ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر ریئل میڈرڈ کے 3 کھلاڑی گرفتار
-
تازہ ترین7 مہینے ago
چیئرمین پی سی بی دو طرفہ سیریز پر بات کرنے آئرلینڈ پہنچ گئے
-
پاکستان7 مہینے ago
مریم نواز سے گورنر پنجاب کی ملاقات،صوبے کی ترقی کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال
-
ٹاپ سٹوریز1 سال ago
آئی ایم ایف بورڈ سے معاہدہ منظور،1.2 ارب ڈالر کا فوری اجرا ممکن، باقی رقم دو سہ ماہی جائزوں سے مشروط
-
کالم2 سال ago
اسلام میں عبادت کا تصور
-
ٹاپ سٹوریز7 مہینے ago
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
-
تازہ ترین9 مہینے ago
پی سی بی نے انٹرنیشنل ٹیموں کے قیام کے لیے عمارت خرید لی