Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

لاہور: سیشن کورٹ میں تہرے قتل کے ملزم میاں بیوی قتل، عدالتوں کی سکیورٹی کا پول کھل گیا

Published

on

لاہور کی سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے تہرے قتل کے ملزم میاں بیوی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ مقتول امین پر اپنے ہی بھائی وکیل امانت اس کی بیوی اور بچی کے قتل کا مقدمہ درج تھا اور امین اپنے والد کے قتل کے مقدمے میں بھی جیل کاٹ چکا تھا۔

سیشن کورٹ میں سکیورٹی کا پول ایک بار پھر کھل گیا رواں سال کے دوران سیشن کورٹ میں ملزمان کے قتل کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جبکہ لڑائی کے دوران زخمی ہونے کے بیس سے زائد واقعات ہو چکے ہیں۔

پولیس سیشن کورٹ کے گردونواح میں سکیورٹی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام نظر آرہی ہے اس سے قبل وکلا اور ججز کی جانب سے سخت موقف پر سکیورٹی برانچ کی جانب سے سیشن کورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے کیونکہ تین مختلف واقعات میں سیشن کورٹ کے اندر فائرنگ کر کے ملزمان کو قتل کر دیا گیا تھا۔

آج ملزمان محمد امین اور اس کی بیوی صغراں بی بی تہرے قتل کے ایک مقدمہ میں پیشی پر سیشن کورٹ پہنچے۔ محمد امین پراپنے ہی بھائی ایڈووکیٹ امانت،بھابھی اور بھتیجی کے قتل کا مقدمہ درج تھا، دوران تفتیش امین کو بے گناہ مانا گیا۔ یہ مقدمہ محمد سلیم، جو کہ محمد امین کی بھابھی کا رشتہ دار بتایا جاتا ہے، نے درج کروایا تھا۔

اس سے قبل محمد امین اپنے والد کے قتل کے مقدمہ میں بھی جیل کاٹ چکا ہے اور گزشتہ سال امانت کے قتل سے دوماہ قبل رہا ہو کر جیل سے آیا تھا۔ امانت اور اس کی بیوی کو قتل کیس میں بے گناہ کئے جانے کے خلاف محمد سلیم نے امین اور اس کی بیوی کے خلاف استغاثہ دائر کیا تھا کہ نامزد ملزموں کو پولیس نے جان بوجھ کر اور پیسے لے کر مقدمہ میں بے گناہ کیا ہے۔

دونوں ملزم ایڈیشنل سیشن جج عبدالغفور کی عدالت میں پیشی کے فوری بعد سیشن کورٹ سے باہر نکلے تھے کہ پہلے سے گیٹ کے قریب موجود نامعلوم مسلح حملہ آوروں، جن کی تعداد دو بتائی جارہی ہے، نے گولیاں مار دیں اور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

گیٹ پر موجود پولیس اہلکار جو مسلح تھے انہوں نے ملزموں کو روکنے کی کوشش نہیں کی اور پولیس کی جانب سے ایک بھی گولی نہیں چلائی گئی۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین