Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

Published

on

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میںسابق وزیر اعظم نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر میں استدعا کی کہ  سرنڈر کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، کیسز کا سامنا کرنا چاہتے ہیں عدالت تک پہنچنے کے لیے گرفتاری سے روکا جائے۔

نواز شریف جب سنہ 2019 میں علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے تھے تو اس وقت وہ سزا یافتہ تھے اور اسلام آباد کی احتساب عدالت کی طرف سے العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں بطور قیدی سات سال کی سزا کاٹ رہے تھے۔

مسلسل عدم پیشی کی بنا پر اب عدالت انھیں اشتہاری بھی قرار دے چکی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سزا آٹھ ہفتوں کے لیے معطل کردی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سزا کو معطل کیا تھا، اس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس عامر فاروق بھی شامل تھے۔

نواز شریف نے بیرون ملک روانگی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے بجائے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر انھیں چار ہفتوں کے لیے بیرون ملک روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ شہباز شریف نے بھی اپنے بھائی کی صحت یابی پر وطن واپس آنے کی انڈرٹیکنگ عدالت میں جمع کروائی تھی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے نومبر سنہ 2019 میں لندن گئے تھے اور اس دوران مسلم لیگ ن کی قیادت نے سابق وزیر اعظم کے بیرون ملک قیام میں توسیع کے حوالے سے پنجاب حکومت کو درخواست دی تھی جو مسترد کر دی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دسمبر 2020 میں عدم پیروی کی بنا پر نواز شریف کی ایون فیلڈ میں ضمانت اور العزیزیہ سٹیل ملز میں سزا کی معطلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں اشتہاری قرار دیا تھا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین