Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

نواز شریف حافظ آباد میں پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے

Published

on

مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز حافظ آباد سے کردیا۔ نوازشریف پہلے انتخابی جلسے سے خطاب میں جذباتی ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ 5 ججوں نے 25 کروڑ عوام کے نمائندے کو فارغ کردیا ، مجھے نہ نکالا جاتا تو آج کوئی بھی ایسا شخص نہ ہوتا جس کے پاس روزگار نہ ہوتا، آج پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ حافظ آباد آکر کئی سال پہلے کی یادیں تازہ ہوگئیں،حافظ آباد کے لوگوں سے مجھے بہت پیار ہے،کئی سال گزرنے کے بعد آج پھر آپ سے مخاطب ہوں،میرےلئے جو جذبہ آپ  کے دل میں جاگ رہا ہے وہ قابل تحسین ہے،میرے دل میں بھی آپ کیلئے بے پناہ پیار موجود ہے،جس محبت سے آپ نے مجھے نوازا اس پر جذبات کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اگر میری حکومت کو ختم نہ کیا جاتا تو آج ملک میں روزگار کی فراوانی ہوتی،نوجوانوں کے پاس کاروبار کیلئے سرمایہ بھی ہوتا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزیراعظم کی چھٹی کرا دی گئی،5 ججز نے 25 کروڑ عوام کے نمائندے کو فارغ کردیا،اگر مجھے نہ نکالا جاتا تو پاکستان  آج ایشین ٹائیگربن چکا ہوتا۔

نواز شریف نے پچھلے ادوار میں کئے گئے ترقیاتی کام گنواتے ہوئے کہا کہ اپنےدور اقتدار میں ملک سے لوڈشیڈنگ  اور دہشت گردی کاخاتمہ کیا،اقتدار سے الگ نہ کیا جاتا تو بجلی اور گیس سستی ہوگی،ملک میں مہنگائی نہ ہوتی،ملک میں موٹروے بننے سے پہلے سڑکوں کا برا حال تھا،عوام سے جب بھی وعدے کئے انہیں پورا کرکے دکھایا،اب بھی عوام کو جو درپیش مسائل ہیں انہیں حل کرکے دکھائیں گے،ملک سے مہنگائی،بیروزگاری،غربت کا خاتمہ کریں گے،ڈالر کی قیمت میں کمی اور روپے کی قدر میں بہتری  لائیں گے،ملک میں موٹر وے بننےسے عوام کو سفر کی آسان سہولت میسر ہے۔

جلسے سے مریم نواز نے بھی خطاب کیا، مریم نواز نے حافظ آباد سے پارٹی رہنما سائرہ افضل تارڑ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ افضل تارڑ نے برے وقت میں بھی نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑا،آج آپ کی بڑی تعدادمیں موجودگی بتا رہی ہے حافظ آباد میں شیر دھاڑےگا،8 فروری کو حافظ آباد میں شیر کی گرجدار آواز سنائی دے گی،مسلم لیگ (ن) کے کارکنان مشکل وقت میں بھی قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے،نوازشریف کو آج آپ لوگوں کے پاس لے کر آئی ہوں،9 مئی اور 28 مئی کے واقعات میں پاکستان کی پوری تاریخ موجود ہے،28 مئی کو پاکستان کو ترقی دینےاور دفاعی طور پر مضبوط بنانےوالے لوگ ہیں،9 مئی کو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے والے لوگ ہیں،ہم ملک بنانے والے ہیں،9 مئی والوں کی طرح ملک پر حملے کرنےوالے نہیں،نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،ملک کا دفاعی نظام مضبوط کیا،نوازشریف نے کہا تھا ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں،28 مئی والے مہنگائی  کم کرنے اور 9 مئی والے مہنگائی کرنے والے لوگ ہیں،عوام کو 9 مئی اور 28 مئی کے فرق کو سمجھنا ہوگا،ایک تاریخ پاکستان کو بنانے اور دوسری پاکستان کو اجاڑنےوالی  تاریخ ہے،28 مئی والے موٹر وے اور سڑکیں بنانے والے ہیں،9 مئی والے انہی سڑکوں پر آگ لگانے والے ہیں،ہاتھوں میں پٹرول بم اور ڈنڈے دینےوالا  عوام کا ہمدرد نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ جو شخص نوجوان نسل کو بدتمیزی کی  ترغیب دیتا ہے اسے عوام کی کوئی پروا نہیں،9 مئی والوں نے 4 سال ملک میں مہنگائی،اقرباپروری کا طوفان برپا کیا،نوازشریف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ سوچتے رہتے ہیں،نوازشریف سوچتے ہیں نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کیسے دینے ہیں،نوازشریف کا زیادہ وقت اس بات کو سوچنے میں گزرتا ہے مہنگائی کیسے ختم کرنی ہے،نوازشریف نےعوام  کی خدمت سے ایک بھی غفلت نہیں برتی،ہم نے گالیاں بھی سنیں،دھرنے اور بدتمیزی کو بھی برداشت کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ کارکنان سے کہتی ہوں وہ مسلم لیگ (ن) کا پیغام گھر،گھر پہنچائیں،اگر آپ میرا ساتھ نہ دیتے تو آج یہ دن نصیب نہ ہوتا،امید ہے حافظ آباد کا ہر شخص نوازشریف کو ووٹ دے گا،جو شخص شہداکی یادگاروں پر حملہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے وہ ہمدرد نہیں ہوسکتا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین