Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

پاک فوج ملک کے دفاع کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ شراکت دار ممالک کی مددگار ہے، برطانوی آرمی چیف

Published

on

کمانڈاینڈسٹاف کالج پاکستان سے فارغ التحصیل برطانوی افسروں کی لندن میں غیرمعمولی تقریب آرمی اور نیوی کلب لندن میں ہوئی، خصوصی تقریب کے دوران معروف و نمایاں برطانوی فوجی افسروں نے پاکستان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

برطانوی فوجی افسران نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو بے مثال قرار دیا،برطانوی فوجی افسران نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور استعداد کو سراہتے ہوئے اسے دنیا کی بہترین نظم و ضبط کی حامل فوج قرار دیا۔

کوئٹہ ایسوسی ایشن کے 50 سینئر برطانوی فوجی جوان جنہوں نے گزشتہ 50 برسوں میں پاکستان آرمی کے ایلیٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں تعلیم حاصل کی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔کوئٹہ ایسوسی ایشن کے سینئر برطانوی فوجی جوانوں نے لندن کے آرمی اینڈ نیوی کلب میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر برطانیہ کے آرمی چیف جنرل پیٹرک سینڈرز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس تقریب کا انعقاد برطانوی افسران کے کوئٹہ میں قیام کے لازوال نقوش کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا تھا۔تجربہ کار برطانوی افسران نے کوئٹہ میں پاک فوج کے عظیم ادارے کو زبردست خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب میں متعدد قابل ذکر برطانوی فوجی افسران نے شرکت کی جن میں لیفٹیننٹ جنرل سرالیسٹار ارون، لیفٹیننٹ جنرل انتھونی پالمر، بریگیڈیئر نک تھامسن، بریگیڈیئر ٹونی بیری اور میجر جنرل کیماس شامل تھے۔

تقریب کا انعقاد پاکستان ہائی کمیشن لندن میں آرمی اور ایئر ایڈوائزر نے کیا۔اجتماع میں کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا،اس موقع پر مہمان خصوصی اور دیگر معززین کو ہائی کمشنر پاکستان اور ان کی شریک حیات کی طرف سے تحائف پیش کیے گئے۔

پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے، برطانوی آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا کوئی موازنہ نہیں۔

جنرل پیٹرک سینڈرز نے اپنے دور میں ڈیفنس ایسوسی ایشن اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں میں پاکستان کو برطانوی فوج کی اولین ترجیح قرار دیا۔جنرل پیٹرک سینڈرز نے گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان میں اپنے دوروں کو بڑے شوق سے یاد کیا۔جنرل پیٹرک سینڈرز نے مشرق اور مغرب کے عین وسط میں واقع ایک انتہائی اہم ملک کے طور پر پاکستان کی اہمیت پر طویل گفتگو کی۔

جنرل پیٹرک سینڈرز نے پاکستانی اور برطانوی فوجیوں کے درمیان افزودہ ایسوسی ایشن اور ٹیپسٹری کا حوالہ دیا اور دفاعی صنعت میں تعاون کے امکانات پر بھی بات کی۔جنرل پیٹرک سینڈرز نے پاکستان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی اور ان کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق اور وابستگی کو بھی بیان کیا۔

جنرل پیٹرک نے پاکستان کے دفاعی ونگز اور برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے دیرینہ تعلقات کو ایک اور سطح پر لے جانے کے لیے ملٹری ڈپلومیسی کی پرجوش کوششوں کو بھی سراہا۔جنرل پیٹرک سینڈرز نے دفاع اور قومی تعمیر میں پاکستانی فوج کے کردار کی تصدیق کی۔

جنرل پیٹرک سینڈرز نے کہا کہ پاکستان کی فوج جنگی صلاحتوں میں ماہر ہے اور ملک کے دفاع کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ شراکت دار ممالک کو اہم مدد فراہم کرنے کی وجہ سے بھی جانی جاتی ہے۔

جنرل پیٹرک سینڈرز نے پاکستانی مسلح افواج کے افسران کی ایمانداری اور دیانتداری کو بھی تسلیم کیا اور پاکستانی قوم کی بے مثال سخاوت کو بھی یاد کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین