Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

پاکستان نے تہران سے سفیر واپس بلا لیا، ایرانی سفیر بے دخل، تمام طے شدہ دورے اور مصروفیات منسوخ

Published

on

پاکستان نے ایران کی طرف سے بلوچستان کے اندر میزائل حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنا سفیر واپس بلانے اور ایرانی سفیر کو بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے، اس کے ساتھ ایران کے ساتھ اعلیٰ سطح پر طے شدہ مصروفیات اور دورے بھی منسوخ کر دیئے ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ رات ایران کی طرف سے پاکستان کی خودمختاری کی بلااشتعال اور کھلم کھلا خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ غیر قانونی عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پاکستان اس غیر قانونی اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ نتائج کی ذمہ داری پوری طرح ایران پر عائد ہوگی۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم نے یہ پیغام ایرانی حکومت تک پہنچا دیا ہے۔ ہم نے انہیں یہ بھی مطلع کیا ہے کہ پاکستان نے ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان میں ایرانی سفیر جو اس وقت ایران کے دورے پر ہیں ممکن ہے کہ فی الحال واپس نہ آئیں۔ ہم نے ان تمام اعلیٰ سطحی دوروں کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آنے والے دنوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان جاری تھے یا طے شدہ تھے۔

اس سے پہلے  پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اسلام آباد نے خبردار کیا کہ اس واقعے کے “سنگین نتائج” ہو سکتے ہیں اور یہ “مکمل طور پر ناقابل قبول” ہے۔

پاکستان کے بیان میں واقعے کے مقام اور فضائی حدود کی خلاف ورزی کی نوعیت کا ذکر نہیں کیا گیا، تاہم کہا گیا کہ اس نے تہران سے احتجاج درج کرایا ہے اور اسلام آباد میں ایرانی مشن کے سربراہ کو وزارت خارجہ میں بلایا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران نے پاکستان میں بلوچی عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے دو ٹھکانوں کو منگل کے روز میزائلوں سے نشانہ بنایا ۔

یہ میزائل حملے ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے عراق اور شام میں اہداف پر حملے کے ایک دن بعد ہوئے۔

 “ان اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا اور تباہ کر دیا گیا،” ایران کے سرکاری میڈیا نے تفصیل بتائے بغیر رپورٹ کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین