Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام لکھوانے والے کمسن سفیان سے وزیراعظم کی ملاقات

Published

on

Prime Minister's meeting with 5-year-old Sufyan, who made the world record

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کو ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ سفیان محسود سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس نے حال ہی میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سفیان نے بہت چھوٹی عمر میں یہ کارنامہ انجام دے کر پاکستان اور اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے سفیان کی کامیابی کی تعریف کی اور نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں مشغول ہونے کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی مزید سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سفیان جیسے باصلاحیت نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاکستانی نوجوان کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

سفیان نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ مستقبل میں سائنسدان بن کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے سفیان سے ان کی مادری پشتو زبان میں گفتگو بھی کی۔

انہوں نے سفیان محسود کے والد عرفان محسود سے بھی بات کی، جن کے پاس 100 سے زائد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز ہیں، وہ مارشل آرٹس میں مہارت رکھتے ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹریننگ اکیڈمی چلاتے ہیں۔

عرفان محسود نے وزیراعظم کو ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی اسپورٹس اینڈ فزیکل ٹریننگ اکیڈمی اور اس کے تربیت یافتہ کھلاڑیوں کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے پی ایم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سفیان محسود کے والد کی سپورٹس اکیڈمی کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے یوتھ پروگرام کو ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ملاقات میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شازہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین