Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

ایل سیز پر نرمی بے لگام نہیں، ادائیگی ملک میں ڈالرز کی خاطر خواہ آمد پر ہوگی، حکومت

Published

on

China, Saudi Arabia and United Arab Emirates assured to roll over loans to Pakistan

حکومت نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ ( ایل سیز) کی ریٹائرنگ پر نرمی کا اعلان بے لگام نہیں ہے کیونکہ ایل سیز پر ادائیگی صرف اسی صورت ہوگی جب ملک میں ڈالرز کی آمد خاطر خواہ ہو۔

ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت صنعت و پیداوار اور چیف ایگزیکٹو افسر انجینیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ سست معاشی سرگرمی اور بلند شرح سود کی وجہ سے کاروں کی پیداوار میں 43 فیصد کمی آئی۔

ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت صنعت و پیداوار نے بتایا کہ پیداوار میں کمی کی بنیادی وجہ ڈالرز کی کمی تھی اس سے کاروں کے پارٹس اور خام مال کی درآمد میں کمی ّئی۔بلند شرح سود کی وجہ سے کار فنانسنگ میں بھی کمی آئی،پارٹس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہنڈا اور سوزوکی پلانٹس متاثر ہوئے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ کاروں کی کل قیمت کا 40 سے 45 فیصد ٹیکسوں سے متعلق ہے، ٹویوٹا فارچونر کی لاگت 20 ملین ہے اور اس کی قیمت کا 60 فیصد ٹیکسز ہیں۔ بجٹ میں ود ہولڈنگ بڑھانے سے بھی کاروں کی قیمت بڑھی ہے۔

انجینیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر نے کمیٹی کو بتایا کہ کار اسمبلنگ کا دار و مدار پارٹس کی دستیابی پر ہے جو مختلف ملکوں سے درآمد کئے جاتے ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بھی کاروں کی زیادہ قیمت کی تحقیقات کے لیے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔

کمیٹی نے سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری اتھارٹی ( سمیڈا) کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ سمیڈا گراؤنڈ پر کچھ کر دکھانے میں ناکام ہے اور اس کی تمام کارکردگی کاغذوں پر ہے۔

کمیٹی نے سمیڈا کے مالی معاملات پر تفصیل سے بحث کی اور وزارت خزانہ سے سفارش کی کہ سمیڈا کے زیرالتوا فنڈز جاری کئے جائیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت صنعت و پیداوار نے مقامی طور پر پیداوار میں کمی اور درآمدات پر انحصار سے متعلق بات کی اور کہا کہ ماضی کی پالیسیاں صنعت کے لیے موافق نہیں تھیں تاہم اب ان کی وزارت اس پر توجہ دے رہی ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین