Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

لاہور میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، اکا دکا دکانیں کھلی نظر آئیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی کم

Published

on

جماعت اسلامی ، قومی تاجر تحاد ،لاہور چیمبر اآف کامرس اور مقامی تاجر تنظیموں کی جانب سے مہنگائی، پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف ہڑتال کی کال پر صوبائی دارالحکومت میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہے۔

ہڑتال کے دوران گلی محلے کی دوکانوں کے ساتھ لاہور بھر میں سویٹ شاپس، چھوٹے ریسٹورنٹس اور ڈھابے، میڈیکل سٹور کھلے رہے جبکہ تمام اہم مارکیٹس بند رہیں۔

شاہ عالم مارکیٹ ،اعظم کلاتھ مارکیٹ ،رنگ محل، آٹو مارکیٹ ،موٹرسائیکل مارکیٹ لاہورہوٹل اور مغلپورہ موٹر سائیکل مارکیٹ ،جیل روڈ کار مارکیٹ ،سمن آباد مارکیٹ ، گلبرگ میں اہم مارکیٹس بشمول حفیظ سنٹرموبائل مارکیٹ،لبرٹی مارکیٹ ،فیصل ٹائون میں موجود تمام مارکیٹس بند ہیں۔

ڈیفنس میں اہم مارکیٹس بند ہیں اس کے برعکس ڈیفنس میں فرنیچر سے متعلقہ مارکیٹس کھلی رہیں اسی طرح مشہور برینڈز کی آؤٹ لیٹس میں سے زیادہ تر بند تھیں مگر اکا دوکا کھلی رہیں۔

مال روڈ پر واقع ہال روڈ ،پینو راما سینٹر ،راجہ سنٹر سمیت تمام دوکانیں مکمل بند رہیں جس سے ریڑھی بانوں نے جو کہ ہینڈ فری، سیل ،موبائل کور، اور دیگر اسیسریز فروخت کر رہے تھے خوب منافع کمایا۔

اندرون شہر میں بھی ہڑتال کامیاب رہی تاہم اعظم کلاتھ مارکیٹ میں واقع ہول سیلز پوائنٹ خفیہ طور پر کام میں مصروف رہے یعنی شٹر گرا کر اور گاڑیوں می بیٹھ کر کام کرتے رہے ،جبکہ اعظم کلاتھ مارکیٹ ،موتی مارکیٹ ،رنگ محل بازار ،چوڑی بازار ، لھنگا مارکیٹ ، برتن منڈی مکمل بند رہیں۔

انارکل بازار مکمل بند رہا تاہم اس سے ملحقہ مارکیٹیں پان منڈی ،پریس مارکیٹ کھلی رہیں، بانسوں والا بازار، میو ہسپتال لنڈا مارکیٹ میں جزوی ہڑتال کی گئی۔

نولکھا کے لنڈا بازار اورریڑھی مارکیٹ میں بھی جزوی ہڑتال دیکھنے میں آئی،ٹائر مارکیٹ ،لوہا مارکیٹ اور میں بھی جزوی ہڑتال کی گئی تاہم اہم اور بڑی دوکانیں بند رہیں۔

بلال گنج بازار مکمل بند رہا مگر دربار مارکیٹ میں کارباری سرگرمیاں جاری رہیں اسی طرح ملحقہ مارکیٹوں میں بھی کریم پارک، مارکیٹ یادگار بازار میں بھی ہڑتال کامیاب رہی۔

دفاتر میں حاضری کم رہی جبکہ اکثر تعلیمی اداروں میں بھی چھٹی کر دی گئی تھی جس کے حوالے سے گزشتہ روز ہی بچوں کے والدین کو اس کی اطلاع کر دی گئی تھی ،

شالیمار لنک روڈ مارکیٹ ،باغبانپورہ بازارمیں ہڑتال کامیاب رہی ،اسی طرح دھرم پورہ میں اہم اور بڑی دوکانیں بند رہیں اچھرہ بازار کے اندر اور باہر ہڑتال کامیابی سےہمکنار ہوئی۔ فیصل ٹائون ٹھوکر نیاز بیگ کی تمام بڑی مارکیٹس بند رہیں۔

کوٹ لکھپت انڈسٹریل ایریا میں ملوں کی جانب سے عملہ کام پر آیا اور مل مالکان نے ملوں کے مین دروازے بند کر کے اندر کام جاری رکھا،شاہدرہ انڈسٹریل ایریا میں بھی ایساہی معمول دیکھا گیا۔

پرائیویٹ دفاتر کی بندش کیوجہ سے ٹریفک کا رش بھی کم دیکھنے میں آیا اس حوالے سے لوگوں کا خیال ہے کہ پاک بھارت میچ کیوجہ سے بھی ہڑتال کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین