Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

دنیا

سری لنکا نے قابل ادا غیرملکی قرضوں میں 30 فیصد کمی کا مطالبہ کردیا

Published

on

Nandalal Weerasinghe, newly appointed Governor of the Central Bank of Sri Lanka, speaks during a news conference, amid the country's economic crisis in Colombo

سری لنکا نے اپنے بھاری قرضوں سے نمٹنے کے لیے غیرملکی قرض دہندگان کو قرضوں میں 30 فیصد کمی کے لیے کہا ہے جبکہ اندرونی قرض دہندگان جن کے قرضے ڈالرز میں ہیں ان سے بھی قرضوں میں 30 فیصد کٹ لگانے کو کہا ہے۔

سری لنکا نے 42 ارب ڈالر قرضوں کی اوورہالنگ کا پروگرام پیش کیا ہے جو سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نندلال ویرسنگھے نے ایک پریس کانفرنس میں پیش کیا۔ سری لنکا مختصر مدتی بانڈز کو طویل مدتی بانڈز میں بھی تبدیل کرے گا۔

سری لنکا بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، سری لنکا نے پچھلے سال اپنے پہلے غیرملکی قرضے پر ڈیفالٹ کیا تھا،اس معاشی بحران کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہرے ہوئے اور سابق صدر گوٹابایا راجا پکسے کو ملک چھوڑ کر فرار ہونا پڑا تھا۔

سری لنکا نے اپنے قرضوں کے بوجھ کو مستحکم رستے پر لانے کے وعدے کے ساتھ اس سال مارچ میں آئی ایم ایف سے 2.5 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پروگرام لیا جس کا پہلا جائزہ اس سال ستمبر میں ہونا ہے۔ سری لنکا نے 2032 تک اپنے قرضے جی ڈی پی کے 95 فیصد تک لانے کا وعدہ کیا ہے۔

سری لنکا اپنے بیرونی قرضوں کے حوالے سے بانڈ ہولڈرز اور چین، جاپان اور بھارت کے ساتھ بھی مذاکرات کر رہا ہے۔

قرضوں کے نئے سرے سے بندوبست کے تحت مقامی قرضے اور بانڈز ہولڈرز کو تین آپشن دئیے جائیں گے،پہلا آپشن قرضوں میں 30 فیصد کمی اور سالانہ 4 فیصد سود کے ساتھ ادائیگی ہے۔

سری لنکا انٹرنیشنل ساورن بانڈز کی مد میں 12.5 ارب ڈالرز، دوطرفہ قرضوں کی مد میں 11.3 ارب ڈالر کا مقروض ہے۔

سری لنکا اپنے قرض دہندگان کے ساتھ ری سٹرکچرنگ کے لیے مذاکرات کر رہا ہے، چین چاہتا ہے کہ کچھ قرضے کثیرملکی ادارے برداشت کریں لیکن امریکا اس کی مزاحمت کر رہا ہے۔

اندرونی قرضوں کے متعلق تجاویز ہفتے کے روز پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں گی، ورلڈ بینک نے سری لنککا کی بجٹ سپورٹ اور ویلفیئر کی مد میں 700 ملین ڈالرز کی منظوری دی ہے جو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے دوسری بڑی امدادی رقم ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین