Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

سائفر ایک حقیقت ہے، دفتر خارجہ میں نہیں گھڑا گیا، شاہ محمود نے ایف آئی اے کو بیان ریکارڈ کرا دیا

Published

on

سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہا ہے کہ سائفر ایک حقیقت تھی اور اب بھی ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ دفتر خارجہ میں بیٹھ کر اسے گھڑا گیا ہے۔

ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’سائفر کوئی معمولی نوعیت کا نہیں تھا۔ سائفر کے معاملے پر سکیورٹی کمیٹی کے دو مرتبہ اجلاس بلائے گئے۔ پہلا عمران خان اوردوسرا شہباز شریف کی سربراہی میں بلایا گیا تھا۔‘

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے سائفر کے معاملے پر پیر کے روز پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو طلب کیا تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد انھوں نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں اجلاسوں میں سائفر کو جھٹلایا نہیں گیا۔‘

شاہ محمود نے کہا کہ ’سائفر کے معاملے میں ملکی مفاد کو مدنظر رکھا گیا تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ سائفر پر تحقیقات کے معاملے میں 6 دسمبر کو بھی پیش ہوئے اور آج بھی جو کچھ انہوں نے پوچھا اس پر انھوں نے اپنا موقف دیا ہے۔

شاہ محمود کے مطابق عمران خان منگل کے روز سائفر کے معاملے میں ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی سے جب پوچھا گیا کہ کیا فوجی قیادت پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹانے میں ملوث تھی تو اس سوال کا انھوں نے جواب نہیں دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق عمران خان کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی طرف سے مجسٹریٹ کو دیے گئے بیان کے بعد ان دونوں رہنماؤں کو طلب کیا گیا تھا۔

سائفر کا معاملہ جب سامنے آیا تھا تو اس وقت شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ تھے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین