Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن پر ڈیڈلاک برقرار، ارکان کا حلف نہ ہوا تو انتخاب نہیں ہوگا، ترجمان الیکشن کمیشن

Published

on

خیبرپختونخوا میں سینٹ الیکشن پر ڈیڈلاک برقرار ہے، کل دو اپریل کو سینٹ انتخابات کے حوالے سے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کا تاحال کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

الیکشن کمیشن نے سینٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کی حلف برداری سے مشروط کیا ہے، ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ہمارا عملہ اسمبلی جائے گا، اگر حلف برداری ہوگی تو الیکشن ہو جائے گا، مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری نہ ہونے کی صورت میں 11 میں سے 10 نشستیں خیبرپختونخوا حکومت کو ملنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا نے انتخابات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں، ترجمان الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کے مطابق انتخابات مخصوص نشستوں پر حلف برداری سے مشروط ہے، ہمارا عملہ جائے گا، اگر حلف برداری ہوگی تو الیکشن ہو جائے گا۔

دوسری جانب مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری نہ ہونے کی صورت میں 11 میں سے 10 نشستیں خیبرپختونخوا حکومت کو ملنے کا امکان ہے۔

اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر مخصوص نشستوں کے 25 اراکین حلف نہ اٹھانے کے باعث سینٹ انتخابات میں ووٹ پول نہیں کر سکیں گے، ایوان میں اس وقت سنی اتحاد کونسل کے 91 اور اپوزیشن کے 27 ارکان حلف لے چکے، جبکہ مخصوص نشستوں میں سے 25 نشستیں ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو ملی ہیں۔

اگر مذکورہ 25 ایم پی ایز نے حلف اٹھا لیا تو اپوزیشن کو ایک کی بجائے چار نشستیں مل سکتی ہیں جبکہ حکومت جنرل کی دو اور خواتین و ٹیکنو کریٹ کی ایک ایک نشست سے محروم ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ہونے یا نہ ہونے کے متعلق الیکشن کمیشن نے تاحال کوئی نوٹیفیکشن جاری نہیں کیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا میں سینٹ الیکشن مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے مشروط کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی،وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈوکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہم خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ملتوی کریں گے اگر ارکان سے حلف نہیں لیا۔

جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کا آرڈر کیا ہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہائیکورٹ کا آرڈر ہم نے نہیں لگایا لیکن عدالت نے کہا ہے کہ جب اسمبلی اجلاس ہو تو ان سے حلف لیا جائے۔

جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ آج اگر ہم آرڈر کریں گے تو ہم ہائیکورٹ کا جو آرڈر ہے اس کو سٹے کریں گے۔

وکیل درخواست گزار سید سکندر حیات شاہ نے کہا کہ سپیکر نے نظرثانی درخواست بھی دائر کی ہے،عدالت کا جو فیصلہ ہے اس میں الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی ذکر نہیں، الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ سینٹ الیکشن ملتوی کریں، نظر ثانی درخواست پر کل سماعت ہے۔

جس پر عدالت نے کہا کہ اس کیس کو بھی نظر ثانی درخواست کے ساتھ سنیں گے۔

 

 

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین