Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

خیبر پختونخوا کے معصوم عوام ایک دھوکے باز کے جال میں پھنس گئے تھے، کہاں ہے نیا پاکستان؟ نواز شریف

Published

on

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام معصوم ہیں، ایک دھوکے باز کے جال میں پھنس گئے تھے،اس شخص نے بیروزگاری اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا۔

سوات میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سوات  کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کبھی مایوس نہیں کیا،خیبرپختونخوا کے لوگوں کی حالت  زار پر مجھے ترس آتا ہے،پی ٹی آئی  حکومت نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، خیبرپختونخوا کے عوام  کیسے ایک دھوکے باز کے جال میں پھنس گئے،اس شخص نے عوام سے ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا،اپنےدوراقتدارمیں اس نے عوام کومہنگائی، بیروزگاری  اور کرپشن کے سوا  کچھ نہیں دیا،عوام سے اس نے جتنے وعدے کیے تھے اس سے یوٹرن لیتا رہا،اس شخص سے پوچھیں عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کرتا رہا،عوام کی بہتری کیلئے جوکام کرنے کی اس میں ہمت نہیں تھی وہ وعدہ کیوں کیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے،پہلے بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا،اب بھی ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا،خیبرپختونخوا کے عوام سیدھے سادے  اورمحبت  کرنے والے ہیں،بانی پی ٹی آئی خیبرپختوا کے عوام کے جذبات سے کھیلا ہے،سوات میں ایک بلین درختوں کا وعدہ کیا، بتائے وہ کہاں ہیں؟ عوام نے اس شخص کو کیوں اجازت دی جس نے ملک تباہ کرکے رکھ دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کو اپنی تمام پچھلی باتوں کا حساب دینا پڑے گا،عمران خان کی خیبر پختونخوا میں 10 سال حکومت رہی، پی ٹی آئی نے 10 سال خیبرپختونخوا کا ستیاناس  کردیا،مسلم لیگ (ن) کو خیبرپختونخوا میں 10 سال ملتے تو یہ صوبہ سب سے زیادہ خوبصورت اور ترقی یافتہ ہوتا۔

نوازشریف نے کہا کہ نئے پاکستان کی تلاش کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے پرانا پاکستان تباہ کردیا،بانی پی ٹی آئی بتائے جن 300 ڈیموں کا وعدہ کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ عمران خان نے قوم سے دن رات جھوٹ بولا،عوام کو دھوکے دیئے،ہم نے کبھی قوم سے جھوٹ نہیں بولا،آئندہ بھی سچ ہی کہوں گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جتنے بھی ادھورے منصوبے ہیں انہیں مکمل کریں گے،ایک دھوکے باز اور آزمائے ہوئے شخص کو دوبارہ آزمانا ٹھیک نہیں، عمران خان نے پہلے بھی عوام کو چکر دیا، اب بھی دینے کی کوشش میں ہے۔عوام سے کہتا ہوں وہ میرا ساتھ دیں کہیں مجھے بھی چکر نہ دے دینا،آپ میرے ساتھ چلنے کا وعدہ کریں، میں ملک و قوم کے حالات بہتر کروں گا،اپنے دور اقتدار میں ہم نے بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،مسلم لیگ (ن) کے دور میں 25 روپے میں 5 روٹیاں ملتی تھیں، آج ایک 25 روپے کی ہے،سوات والے بتائیں کیا 50 لاکھ گھروں میں سے انہیں ایک بھی گھر ملا؟ اپنی زندگی میں بہت غم دیکھے مگر قوم کا غم برداشت نہیں کرسکتا،مسلم لیگ (ن) نے اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بنائیں،عمران خان بتائے کہاں ہے تبدیلی، نیا پاکستان اور نیا خیبرپختونخوا ؟ عمران خان نے ہمیشہ مکرو فریب کی سیاست کی ، اب بھی کررہا ہے، وہ شخص خیبرپختونخوا سے ملک بھر میں ایکسپورٹ ہوا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین